پاکستان میں ای کامرس کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے، میاں کاشف اشفاق

  پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان میں ای کامرس کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور یہ فرنیچر کے مینو فیکچررز کو زیادہ خریداروں تک رسائی کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے کیونکہ آن لائن مارکیٹ پلیس اور ہوم ڈیکور ویب سائٹس نے صارفین کے لیے فرنیچر کی تلاش اور خریداری کو آسان بنا دیا ہے۔

اتوار کو نبیل آرائیں کی قیادت میں فرنیچر مینوفیکچررز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرنیچر کی صنعت گزشتہ چند سالوں سے مسلسل ترقی کر رہی ہے کیونکہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور بڑھتا ہوا متوسط طبقہ فرنیچر انڈسٹری کے لیے مثبت علامات ہیں۔

اس کے علاوہ ڈسپوزایبل آمدنی میں اضافہ اور بدلتے ہوئے طرز زندگی نے جدید اور سٹائلش فرنیچر کی مانگ میں اضافہ کیا ہے جبکہ رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی سرگرمیوں میں اضافے کی وجہ سے بھی فرنیچر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے مزید ہائوسنگ پراجیکٹس، کمرشل عمارتیں اور دفاتر تیار ہو رہے ہیں، فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائنگ سروسز کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس سے فرنیچر مینوفیکچررز، ریٹیلرز اور انٹیریئر ڈیزائن کمپنیوں کے لیے کاروبار کے مواقع بڑھ رہے ہیں ہے۔ کاشف اشفاق نے کہاکہ پاکستان میں فرنیچر کی صنعت کو کچھ چیلنجز بھی درپیش ہیں جن میں ہنر مند لیبر کی کمی، معیار کا عدم تسلسل، جدید ٹیکنالوجی و مشینری تک محدود رسائی اور درآمدی فرنیچر سے مسابقت شامل ہیں۔

ان مسائل پر قابو پا کر اس صنعت کی مکمل صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ مجموعی طور پر سازگار مارکیٹ اور صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے پاکستان میں فرنیچر کی صنعت کے فروغ کے امکانات مثبت نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو بدلتے ہوئے رجحانات سے ہم آہنگ کریں، معیار کو بہتر بنائیں، ڈیزائن اور جدت میں سرمایہ کاری کریں اور مضبوط ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک قائم کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں