فیصل آباد میں آئی ٹی کا جدید ایکو سسٹم مہیا کیا جائے گا ،صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس

فیصل آباد چیمبر اف کامرس اینڈ انڈسڑی کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں آئی ٹی کا جدید سسٹم مہیا کیا جائے گا تاکہ اس اہم شعبے میں ہنر مند افرادی قوت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنا انفرادی امجتماعی کاروبار کریں۔  

نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے بزنس انکوبیشن سنٹر کے دورہ کے دوران انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ سے شروع ہونے والی ایجادات مصنوعی ذہانت کے ذریعے مختلف علوم کے عملی اطلاق کو یکجا کرنے کیلئے ضروری ہیں کیونکہ ترقی یافتہ ملکوں میں جہاں بڑی تعداد میں روایتی شعبوں کیلئے ہنر مند افرادی قوت بیروزگار ہو گی وہاں اس سے کہیں زیادہ ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ہمیں اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف سعودی عرب میں محمد بن سلمان کے ویژن 2030پر عمل درآمدکرنے سے پاکستانی ماہرین کیلئے 20ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور ہمیں اس وسیع ترقیاتی پروگرام سے فائدہ اٹھانے کیلئے اعلیٰ ہنرمند افرادی قوت کو تیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان افرادی قوت کے حوالے سے مالا مال ہے جس کی 40فیصد سے زائد آبادی پیداواری عمر کے نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کو آئی ٹی کے جدید شعبوں کی تربیت دے کر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں 5ڈالر فی گھنٹہ کمانے والے فری لانسرز کی بجائے 90ڈالر فی گھنٹہ کمانے والے نوجوان ماہر تیار کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے بزنس انکوبیشن سنٹر کو بھی کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سٹی کی طرح آئی ٹی کا بھی محور و مرکز بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو بھی سے عالمی جاب مارکیٹ کا سروے کر کے ان شعبوں کی نشاندہی کرنا ہوگی جن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ اورمہنگی ہنر مند افرادی قوت پیدا کی جا سکے۔

انہوں نے ان شعبوں کے کورسوں کے تعین کیلئے فیصل آباد چیمبر اور بزنس انکوبیشن کی براہ راست مشاورت پر زور دیا تاکہ ان تربیت یافتہ نوجوانوں کو مقامی صنعتوں میں کھپانے کے بعد بیرون ملک بھی بھیجا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کی یہ خوبصورتی ہے کہ اس میں خواتین اپنے گھروں میں بیٹھ کر بھی کام کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کو صرف ترسیلات زر کا ذریعہ ہی نہ سمجھا جائے بلکہ اس کو بیروزگاری کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صنفی تضادات کے خاتمہ کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے بزنس انکوبیشن سکول سے عملی اورقریبی روابط کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلددوبارہ اس سکول کا دورہ کریں گے تاکہ باہمی تعاون کیلئے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں