بجلی بلوں پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 8 ماہ میں وصول کیا جائے، کاٹی

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف فاروقی کو 3 اپریل کو ہونے والی سماعت میں بجلی کے بلوں پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو 3 ماہ میں وصول کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے کہ وصولی 6 سے 8 ماہ میں کی جائے۔ اپنے خط میں انہوں نے کہا کہ کاٹی پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی زون ہے جہاں چھوٹی بڑی تمام صنعتیں اور سرفہرست ایکسپورٹرز موجود ہیں۔ صدر کاٹی کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری شدید معاشی بحران، اسٹیٹ بینک میں لیٹر آف کریڈٹ ( ایل سی) کے اجراء کیلئے 100 فیصد رقم وصول کرنے کے باوجود ایل سیز کی بندش سے صنعتکار شدید مالی نقصان برداشت کر رہے ہیں، بقیہ رہی سہی کسر بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز پر جرمانے، ڈالر کی قلت، بلند شرح سود اور ریکارڈ مہنگائی نے پوری کردی جس کے باعث صنعتیں تباہی کا شکار ہیں، بیشتر انڈسٹری بند ہو رہی ہیں، اور لوگ بڑی تعداد میں بے روزگار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 3 ماہ کی قلیل مدت میں وصول کرنے سے صنعتکاروں خاص طور پر چھوٹی صنعتوں پر اضافہ بوجھ پڑے گا جس کے وہ متحمل نہیں۔ صدر کاٹی نے درخواست کی کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کو 6 سے 8 ماہ کی آسان اقساط میں وصول کیا جائے تاکہ انڈسٹری پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں مزید کہا کہ زیرو ریٹڈ ایکسپورٹ انڈسٹری کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت دی جائے کیونکہ انہیں دستیاب سبسڈی بھی ختم کردی گئی ہے۔ فراز الرحمان نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین نیپرا ان کی درخواست پر صنعتوں کو سہولت دے کر انڈسٹری کو درپیش مشکلات میں آسانی کا باعث بنیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں