تا جروں کیلئے آواز بلند کرنے والی قیادت کا فقدان ہے: ایس ایم تنویر

 نگراں صوبائی وزیر برائے توانائی، صنعت، تجارت، سرمایہ کاری،اسکلڈ ڈیولپمنٹ، پنجاب اورکورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویرنے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کے سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور پاکستان بننے کا سب سے زیادہ فائدہ بھی بزنس کمیونٹی کو ہوا ہے، ہمارا مرنا اور جینا پاکستان کے ساتھ ہے اور ہمیں امید ہے کہ ملک کی معاشی پالیسیاں تاجروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر مشاورت سے بنائی جائیں گی اور تاجروں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز ایس ایم منیر کانفرنس ہال میں یوبی جی سندھ کورکمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک، صدریو بی جی زبیرطفیل، مرکزی سینئروائس چیئرمین سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین سندھ زون خالد تواب، سیکریٹری جنرل سندھ زون حنیف گوہر،سیدمظہرعلی ناصر، گلزارفیروز،اختیار بیگ،ملک خدابخش،شکیل ڈھینگڑا، ممتازشیخ،میاں ارشدفاروق،اکرام راجپوت،نوراحمدخان، مسلم محمدی،عبدالسمیع خان،غضنفرعلی خان،شاہین ا الیاس سروانہ،مریم چوہدری،ناہیدمسعود،زاہد نمبردار اوردیگر ممبران یو بی جی بھی موجود تھے۔مرکزی ترجمان یو بی جی گلزارفیروز کے مطابق ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب میں اپنے والد ایس ایم منیرکی طرح بزنس کمیونٹی کی خدمت کرکے اسکا جائز مقام دلوانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی دیانتدار اور بہترین قیادت سے محروم ہوگئی ہے، اس وقت کاروباری برادری کیلئے آواز بلند کرنے والی قیادت کا فقدان ہے اور ان حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ بزنس کمیونٹی سے ملک بھر میں رابطے تیز کئے جائیں تاکہ انکے نمائندے مسائل کو حکومت تک پہنچا کر انہیں حل کراسکیں، میرے والد ایس ایم منیر نے کسی بھی الیکشن میں کبھی بے ایمانی نہیں کی بلکہ انہوں نے صاف ستھری تجارتی سیاست کی۔ایس ایم تنویر نے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ کیلئے اپنا نام پیش کرنے پریو بی جی سندھ کورکمیٹی کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ موجودہ ملکی معاشی حالات میں بزنس کمیونٹی کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے اورنامساعدحالات کے باوجود ہماری کاروباری برادری نے معیشت کا پہیہ رواں رکھا ہوا ہے،مجھے یو بی جی میں کسی عہدے کی ضرورت نہیں بلکہ ہم سب بزنس کمیونٹی کے بہتر مستقبل کیلئے ایس ایم منیر کا ہدف پورا کریں گے۔چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ مکمل طور فعال ہے اورہم ایف پی سی سی آئی کے تمام ممبرز سے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی رہنما ملک بھر کے دورے شروع کردیں اور حامی یا مخالف تمام لوگوں سے ملیں،ماہ مارچ میں یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کا اجلاس لاہور میں منعقد ہوگا جس میں انقلابی فیصلے کئے جائیں گے۔شہزاد علی ملک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یو بی جی ممبران سمیت بزنس کمیونٹی کی امیدوں پر پورا اترنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں