آئی ایم ایف سے ایم ای ایف پی کا حصول اہم ہے ۔میاں زاہد

نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے دس دن تک مشکل مذاکرات کے بعد میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فسکل پالیسیزکا حصول اہم پیش رفت ہے۔ آئی ایم ایف کے وفد کی واپسی کے بعد اب مزید مذاکرات انٹرنیٹ پر جاری رہیں گے۔ پاکستان کو 170 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانا ہوں گے، بجلی اور گیس کے شعبوں میں اصلاحات لانی ہونگی اور سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کا پلان پیش کرنا ہوگا جس کے بعد اسٹاف لیول ایگریمنٹ ممکن ہو سکے گا، جس کی منظوری آئی ایم ایف بورڈ دے گا اس کے بعد ہی 1.2 ارب ڈالر کے قرضہ کی قسط مل سکے گی اور دیگر ذرائع سے بھی قرضوں کا حصول ممکن ہو گا۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین معاملات آگے بڑھے ہیں تاہم عالمی ادارے نے حکومت کے اب تک کے اقدامات کو اسٹاف لیول معاہدے کے لئے ناکافی قرار دیا ہے اور معاہدے کے بعد اقدامات کی یقین دہانیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ آئی ایم ایف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے معیشت کو بہتر بنانے کے لئے سخت فیصلوں کے عزم کو بھی سراہا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ آئی ایم ایف پاکستان سے اپنی آمدنی میں اضافہ، مالیاتی پوزیشن کو مضبوط کرنے، بجلی اور گیس مہنگی کرنے، شرح سود میں اضافے، غیر ہدف شدہ سبسڈیز میں کمی، کمزور اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سماجی تحفظ کو بڑھانے، زر مبادلہ کے ذخائر کی کمی کو بتدریج ختم کرنے اور زرمبادلہ کی شرح کو مارکیٹ کے ذریعے طے کرنے اور درامدات پر پابندی ہٹانے کی اجازت سمیت کئی مطالبے کر رہی ہے۔ عالمی ادارہ گردشی قرضے میں اضافہ کو روک کر اس کے خاتمہ، توانائی کے شعبہ میں واجبات کی وصولی کو سو فیصد کرنے اور توانائی کی فراہمی میں اضافہ بھی چاہتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ ان اصلاحات کا بروقت اور فیصلہ کن نفاذ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے۔ آئی ایم ایف کے مطالبات سخت لیکن وقت کی ضرورت ہیں اور ان پر عملدرآمد میں تاخیر پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔ پاکستان کا اصل مفاد صرف قرضے کا حصول ہی نہیں بلکہ معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے میں ہے۔ ان اصلاحات کے نفاذ سے مہنگائی میں ہوش رُبا اضافہ ہوگا جس کے سدباب کے لئے کم آمدن والے طبقات کے لئے ٹارگیٹڈ سبسڈی کی اجازت ہوگی۔ مجوزہ معاشی اور مالیاتی اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کشکول سے جان چھڑوا کراپنے پاؤں پر کھڑا ہو سکے گا۔    

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں