سیلالکوٹ کے صنعتکار کینیڈا کے ساتھ دو طرفہ تجارت کے فروٖغ کے لیے آگے ایئں،جانباز خانس

کینیڈا میں تعینات پاکستان کے سفیرجانباز خان نےکہا ہے کہ سیالکوٹ کے صنعتکار کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آگے آئیں تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکے، اس ضمن میں بطور کینیڈین کونسل جنرل میں اپنی خدمات پیش کرتا ہوں اور آپ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہوں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے دورہ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے اور میں پرعزم ہوں کہ سیالکوٹ کے تاجر ملکی معیشت کو مذید مستحکم بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات بھیجی جا رہی ہیں ، کھیلوں کا سامان ہویا پھر آلات جراحی، باکسنگ گلوز ہوں یا پھر مارشل آرٹ کا سوٹ ،کرکٹ بیٹ ہو یا پھر ہاکی، فٹ بال ہو یا لیدر گارمنٹس ہرایک مصنوعات پر میڈ ان سیالکوٹ، میڈ ان پاکستان لکھا نظر آتا ہے جو بالخصوص سیالکوٹ اور عموما سب پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے کیونکہ ان سب مصنوعات سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بڑی مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور پاکستانی امید کرتا ہوں کہ سیالکوٹ کے صنعتکار اپنی مصنوعات میں جدت پسندی لا کر ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا کردار اداکرتے رہیں گے۔چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ ارشد لطیف بٹ نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا ۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کینیڈا (وینکوور) میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل کو پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ آمد پر خوش آمدید کہا اور یقین دلایا کہ سیالکوٹ کے صنعتکار پہلے سے بھی زیادہ لگن اور محنت سے آگے بڑھیں گے اور کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی کل ایکسپورٹ کا3بلین ڈالر سیالکوٹ کما رہا ہے جو ہمارے لیے باعث فخر ہے، اپنی پالیسیاں درست کر کے ہم اسے مزید بڑھا سکتے ہیں۔

فیفا ورلڈکپ کے لحاظ سے پاکستان کے نام کو “الرحیلہ “فٹ بال کی شکل میں جس طرح پرموٹ کیا گیا ہے اس سے پاکستا ن کا مثبت تشخص پوری دنیا میں پروموٹ ہوا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے جس کی اس وقت ہمیں بہت اشد ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا اس وقت پائیداری کی طرف بڑھ رہی ہے اس لیے ہمیں بھی جدت پسندی کی طرف جانا ہوگا کیونکہ اس کے بغیر اب کوئی چارہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ 21,22کلومیٹر کے دائرے پر محیط یہ شہر سیالکوٹ کسی معجزے سے کم نہیں کہ جس کی شہری آبادی صرف چھے سے سات لاکھ نفوس پر مشتمل ہے لیکن یہاں سے جو زرمبادلہ کمایا جاتا ہے وہ تقریباً 3بلین ڈالر کے قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ملکی کل ایکسپورٹ 30 بلین ڈالر پر محیط ہے جس میں سے 3بلین ڈالر ایک چھوٹا سا شہر سیالکوٹ کما رہا ہے جس کا انفراسٹرکچر، جس کی سڑکیں، جس کا ائیر پورٹ، ڈرائی پورٹ، سرجیکل سٹی اور پھر ائیر سیال اس طرح کا پوٹینشل شائد ہی دنیا کی کسی مٹی میں ہو۔

انہوں نے مذید کہا کہ ہمیں اپنی پالیسیاں درست کرنی ہوں گی کیونکہ اگر ہم صرف اپنی پالیسیاں درست کرلیتے ہیں تو اس کی وجہ سے سیالکوٹ کا پوٹینشل9بلین تک بڑھایا جا سکتا ہے جو نہ صرف سیالکوٹ بلکہ پورے پاکستان کے لیے مفید ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعت پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے سینئر وائس چئیرمین ضرار احمد، وائس چئیرمین عمر الزمان سمیت سیالکوٹ کی تاجر برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں