موبائل فون 65 فیصد اور کاروں کی درآمدات میں 80 فیصد کمی

حکومتی اقدامات کے نتیجے میں چار ماہ کے دوران موبائل فون کی درآمد میں 65 فیصد اور کاروں کی درآمد میں 80 فیصد کمی آگئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے درآمدی بل میں کمی کے لیے غیر ضروری اور لگژری درآمدی اشیاء کی حوصلہ شکنی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں رواں مالی سال 2022-23ء کے پہلے چار ماہ جولائی تا اکتوبر کے دوران موبائل فون کی درآمدات میں 65 فیصد جبکہ کاروں کی درآمدات میں 80 فیصد کمی واقع ہوئی ہے جس سے ملک کے تجارتی خسارے میں بھی خاطر خواہ کمی آگئی۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر یعنی 50 ارب 41 کروڑ روپے کے موبائل فون درآمد کیے گئے جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 64 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کے فون درآمد ہوئے تھے اور گزشتہ سال درآمدی موبائل فونز کا حجم 107 ارب روپے رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کاروں کی درآمد میں بھی 80 فیصد تک کمی آئی، جولائی تا اکتوبر 37 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز کی گاڑیاں امپورٹ کی گئیں اور کاروں کی درآمد پر 74 ارب روپے کے مساوی زرمبادلہ خرچ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 4 ماہ میں 64 کروڑ 32 لاکھ ڈالرزکی کاریں درآمد کی گئیں، گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر 106 ارب روپے مالیت کی گاڑیاں درآمد ہوئی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں