سیلاب زدگان کیلیے سامان کی درآمد پر ٹیکس معاف کرنے کا اعلان

 فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر)نے سیلاب زدگان کے لئے سامان کی درآمد اور فراہمی پرڈیوٹی اور ٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پانچ ایس آر اوز جاری کردئیے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے منگوائے جانیوالے امدادی سامان پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق ملک بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی شدید تباہی کے باعث متاثرہ لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے وزیر اعظم پاکستان نے فوری امدادی اقدامات کا حکم دیا ہے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کو امدادی سامان کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایف بی آر کے مطابق امدادی سامان کی خریداری میں تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے خاتمے سے متاثرہ افراد کو درپیش مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور ٹیکس و ڈیوٹی چھوٹ کے سبب وسائل کا زیادہ سے زیادہ استعمال متاثرین کی بحالی کے لئے ہو سکے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم کے سیلاب زدگان کی بحالی کے وژن کے مطابق اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر ایف بی آر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے درکار سامان کی درآمد پر تمام ڈیوٹیز اور ٹیکسز سے استثنیٰ دے دیا ہے۔

ایسی درآمدات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(ی ڈی ایم اے) کی طرف سے تصدیق کے بعد ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل چھوٹ ہوگی۔ غیر ملکی حکومتوں یا بین الاقوامی تنظیموں اور ڈونرز کی طرف سے عطیہ کے طور پر بھیجے جانے والے سامان پر کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکس سے مکمل استثنیٰ دے دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں