گرین فنانسنگ کی بدولت ماحولیاتی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جاسکتا ہے، ثاقب رفیق

ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کے صدر ثاقب رفیق نے کہا ہے کہ گرین فنانسنگ کی بدولت ماحولیاتی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے، دفاتر اور انڈسٹری میں سولر نظام کی تنصیب کے لیے بینکوں سے نرم شرائط اور بلاسود قرضے کا حصول ممکن بنایا جائے۔

چیمبر ہائوس میں محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حمید سے زوم میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے ثاقب رفیق نے کہا کہ جیسے جیسے شہر بڑھ رہے ہیں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت ایس ایم ایز اور انڈسٹری کے پھیلائو سے انرجی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہورہا ہے، کلین اور گرین انرجی کی فراہمی کے لیے سولر ایک اہم ذریعہ ہے۔

صدر ثاقب رفیق نے مزید بتایا کہ راولپنڈی چیمبر ملک کا واحد چیمبر ہے جو گرین چیمبر کہلاتا ہے کیونکہ ایک طرف چیمبر بلڈنگ میں سولر سسٹم لگایا گیا ہے اور دوسری طرف بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے رین واٹر ہاروسٹنگ اور ری چارج نظام بھی تنصیب کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ عمارت میں ماحول دوست ایئر کنڈیشنز، ایس ایم ڈی لائٹس اور سنسرز لگائے گئے ہیں جو ماحول دوست بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر کے پاس آئی ایس او 14ہزار ایک کی سرٹیفکیشن بھی ہے، اور چیمبر ملک بھر میں گرین انرجی کے فروغ کے لیے پالیسی سازی میں بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عمران حمید نے ماحول دوست اقدامات اٹھانے اور آگہی کے حوالے سے چیمبر کی کوششوں کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں