کرغز سفیر اولان بیک توتوئیف کی مہر کاشف یونس کو کرغزستان کا اعزازی قونصل مقرر ہونے پر مبارکباد

پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے مہر کاشف یونس کو کرغزستان کا اعزازی قونصل مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی کو سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے تاکہ تجارتی شعبے میں غیر استعمال شدہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

ترجمان کے مطابق اپنے تین روزہ دورہ لاہور کے دوران ہفتہ کو کرغزستان کے نئے تعینات ہونے والے اعزازی قونصل مہر کاشف یونس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور برآمدات کو بڑھانے کے لیے دستیاب وسیع مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے،دونوں ممالک منفرد معاشی طاقت اور وسائل کے مالک ہیں اور انہیں موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کرکے ہم اپنے تجارتی مواقعوں کو وسیع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان کے معدنیات، سونا، یورینیم اور نایاب معدنی ذخائر پاکستان کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کرغزستان کے کپڑے اور فیبرک کی ضروریات کو پورا کر سکتی ہے، مشترکہ منصوبوں اور تجارتی معاہدوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مواصلات کے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، ریل اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس میں سرمایہ کاری سے اشیا کی نقل و حرکت بہتر اور ٹرانزٹ کے وقت و اخراجات کو کم کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور کاروباری وفود کے تبادلوں کے ذریعے عوامی رابطوں، باہمی افہام و تفہیم اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں