اردن پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اردن سفیر ڈاکٹر معین خراست کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

اکستان میں تعینات اردن کے سفیر ڈاکٹر معین خراست نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک باہمی طور پر منافع بخش نتائج حاصل کر سکیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اردن اور پاکستان بہت سے شعبوں میں تعاون کر سکتے ہیں جن میں سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سپورٹس، نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت، زراعت اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری خواتین کے درمیان باہمی تعاون کے بہتر امکانات موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اردن اور پاکستان کے درمیان 5کروڑ ڈالر کی دوطرفہ تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے اور اس بات پر زور دیا کہ اردن اور پاکستان اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط رابط کو فروغ دینے کے لیے براہ راست پروازیں شروع کریں تا کہ کاروباری تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرمایہ کار اردن کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ان کا سفارتخانہ دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو قریب لانے کی کوششوں میں ہرممکن تعاون کرے گا تاکہ اردن اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کیا جا سکے۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے درمیان خوشگوار تعلقات ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر دونوں ممالک کے درمیان کاروبار تعلقات کو مضبوط بنایا جائے جس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت سی معیاری مصنوعات تیار کرتا ہے جن میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراڈکٹس، فارماسیوٹیکل، کھیلوں کا سامان، آلات جراحی اور چمڑے کی مصنوعات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اردن اپنے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے اپنی درآمدات بڑھانے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک باقاعدگی کے ساتھ تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھانے کی کوشش کریں جس سے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط قائم ہوں گے اور باہمی تجارت میں اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اردن سفارتخانہ اردن کی اہم درآمدات کی فہرست آئی سی سی آئی کے ساتھ شیئر کرے تاکہ کاروباری برادری اردن کے ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کیلئے کوششیں تیز کر سکے۔اختر حسین، محمد اشفاق چٹھہ، مقصود تابش، رضوان چھینہ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں