ایس ای سی پی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سروسز اور مصنوعات کے بارے میں آگاہی فراہم کرے، صدرکاٹی نگہت اعوان

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)پاکستان میں سرمایہ کاروں کو معلومات اور ترغیبات فراہم کرے تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو، معاشی نمو اور خوشحالی کو فروغ دیا جاسکے۔یہ بات کاٹی کی صدر نگہت اعوان نے ایس ای سی پی کی جانب سے منگل کو کاٹی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر مسلم محمدی، قائمہ کمیٹی برائے سیمینار کے چیئرمین ذکی شریف، ایس ای سی پی کراچی کے ایڈیشنل رجسٹرار سید افتخار حسین نقوی، ڈپٹی رجسٹرار توصیف احمد اور دیگر بھی شامل تھے۔

صدر کاٹی نے کہا کہ ایس ای سی پی ملک کا اہم ادارہ ہے جو کاروباری اداروں کو رجسٹرڈ کرنے میں معاونت اور انتہائی فعال کردار ادا کررہا ہے۔ ایس ای سی پی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے انشورنس سروسز اور مصنوعات کے بارے میں آگاہی پیدا کرے ۔نگہت اعوں نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی کے موثر اقدامات کے باعث داخلی آٹومیشن اور اداراہ جاتی اصلاحات کے نتیجے میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں خاظر خواہ اضافہ دیکھا جارہا ہے جو نہائت خوش آئند ہے ۔

ایس ای سی پی کراچی کے ایڈیشنل رجسٹرار سید افتخار حسین نے ایس ای سی پی کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سرکاری ادارہ ہے جو ملک میں کاروباری اداروں کو رجسٹرڈ کرتا ہے اور اس وقت ملک میں 2 لاکھ سے زائد ادارے اس سے رجسٹرڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ کرانے سے نہ صرف کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں بلکہ بینکوں سے قرضہ لینابھی نہائت آسان ہوتا ہے۔

ایڈیشنل رجسٹرار نے سرمایہ کاری کو سہل بنانے ، فنانشل سیکٹر میں مسابقت کو فروغ دینے، انٹرپرینیورشپ اور مالیاتی شمولیت میں اضافے اور مارکیٹ کو وسعت اور فروغ دینے کے اقدامات پرشرکا کو آگاہی بھی فراہم کی ۔مزید براں کاٹی کی صدر نگہت اعوان اور سینئر نائب صدر مسلم محمدی نے ایس ای سی پی سے مطالبہ کیا کہ کاٹی میں ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ کاٹی کے ممبران کو سہولیات فراہم ہو سکیں اور اس کے ساتھ ایس ای سی پی کے قوانین سے آگاہی حاصل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں