سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب احسان بھٹہ کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا دورہ

 سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب احسان بھٹہ نے ایم ڈی پی ایس آئی سی سدرہ یونس، پی بی آئی ٹی، پی آئی ٹی بی کے نمائندوں ،ٹیوٹا اور پی ایس آئی سی کے ریجنل ڈائریکٹرز کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے صدر عبدالغفور ملک اور ان کی ٹیم نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سیکرٹری انڈسٹریز احسان بھٹہ نے سرمایہ کاروں اور کاروباروں کے لیے بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر (بی ایف سی) کے مقاصد بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کیپٹن (ر) شاہ میر اقبال نے انہیں بتایا کہ سیالکوٹ میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر شروع کرنے کے لیے صدر چیمبر کے ساتھ مل کر ایک مناسب جگہ (انوار کلب) کا انتخاب کیا گیا ہے۔ سیکرٹری صنعت و تجارت نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ بھی کیا۔

انہوں نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر حکومت پنجاب اور محکمہ صنعت ایک کاروباری دوست بزنس فیسیلی ٹیشن سینٹر ( بی ایف سی) شروع کریں گے اور اسے بہت جلد مکمل بھی کریں گے جہاں 17 سے زائد محکمے این او سی فراہم کرنے کے لیے ایک ہی چھت کے نیچے کام کریں گے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے صدر عبدالغفور ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری صنعت اور برآمدات کے فروغ کے حوالے سے حکومت پنجاب کی کوششوں کو سراہتی ہے۔

صدر ایس سی سی آئی نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، صوبائی وزیر صنعت و تجارت و سرمایہ کاری ایس ایم تنویر، سیکرٹری صنعت پنجاب اور ان کی ٹیم کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے نہ صرف ہم سے مشاورت کی بلکہ کاروبار کے قیام کے منصوبے پر بھی تعاون کیا۔ سیالکوٹ میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر جس میں صنعت و برآمد سے متعلق اہم محکمے شامل ہیں، کاروبار اور صنعت سے متعلق مختلف شعبہ جات بشمول رجسٹرار آف فرمز، ریونیو، ٹی ایم اے، ماحولیات، پی ایس آئی سی، تحفظ اور دیگر وفاقی اور صوبائی محکمے بھی بزنس فیسیلی ٹیشن سنٹر میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے انتہائی اہم اقدام ہے۔ صدر ایس سی سی آئی کا مزید کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف نئی صنعتوں کے قیام کو فروغ ملے گا بلکہ کاروباری برادری کو درپیش سرکاری محکموں کی غیر ضروری دفتری کارروائیوں کا بھی خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سیالکوٹ کی تاجر برادری کے لیے خوش آئند ہے کہ یہ سنٹر انوار کلب میں قائم کیا جائے جس کا بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ سیالکوٹ چیمبر کا دورہ کرنے والے غیر ملکی تاجروں اور پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں کو بھی اس سہولت سنٹر کا دورہ کروایا جائے گا

تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے ہونے والی مثبت پیش رفت سے آگاہ ہوں اور بین الاقوامی سطح پر کاروبار کرنے میں آسانی کے حوالے سے پاکستان کے امیج کو بہتر بنانے میں مدد کریں۔ صدر ایس سی سی آئی اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے سیکرٹری صنعت اور حکومت پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس اقدام کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں