صنعتی فکسچرزمیں جدید تکنیک سے پیداوار و برآمدات میں اضافہ یقینی بنایاجاسکتا ہے،ترجمان پٹیا

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ روائتی صنعتی انفراسٹرکچر کے تحت ہائی ٹیک جدید مصنوعات تیارنہیں کی جاسکتیں تاہم افرادی قوت اور تکنیکی مہارت میں جدت کے ساتھ ساتھ صنعتی فکسچرز میں جدید تکنیک سے بہترین کوالٹی لا کر پیداوار و برآمدات میں اضافہ یقینی بنایاجاسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صنعتی انفراسٹرکچر کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں خصوصاً چینی بھائیوں کاتعاون معاون ثابت ہو رہاہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح چین کی جانب سے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری کی جارہی ہے اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری کے منصوبہ پربھی کام جاری ہے اگراسی طرح دیگر دوست ممالک بھی پاکستان کی جانب توجہ مرکوز کریں تو پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستانی ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ چاہتے ہیں تاکہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے پاکستان کو معاشی فائدہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ دنیابھر کے بڑے سرمایہ کاروں کو چین کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی بیشتر صنعتوں میں ہلکے اور ناپائیدار انفراسٹرکچر کے باعث اکثر اوقات حادثات بھی رونما ہوجاتے ہیں جن میں قیمتی افرادی قوت بھی ضائع ہو تی ہے۔

انہوں نے کہاکہ صنعتی انفراسٹرکچر کو معیاری بناتے ہوئے وہاں ہونیوالی ہرقسم کی فٹنگز کو اس انداز میں مکمل کرنا چاہیے کہ اس سے کسی نقصان کااندیشہ نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ مینوفیکچرنگ کے عمل میں تیزی لانے کیساتھ ساتھ بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بھی یقینی بنانا ہوگی تاکہ برآمدی اہداف کو پورا کیاجا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں