سی ڈی اے اور ایم سی آئی تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ تاجر برادری سی ڈی اے اور ایم سی آئی کے ٹیکس ریونیو میں سب سے زیادہ کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم سی آئی کے چیف آفیسر رانا محمد وقاص انور سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن یاسر فرہاد اورڈائریکٹر ریونیو رانا وقاص کے ہمراہ آئی سی سی آئی کا دورہ کیا اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔

احسن بختاوری نے کہا کہ کسی بھی میونسپلٹی کا بنیادی مقصد عوام کو پینے کا صاف پانی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے اس لئے اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں میں فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سمیت دیگر ترقیاتی کام کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئی سی ٹی انتظامیہ ون ونڈو کی سہولت فراہم کریں تاکہ ان اداروں سے متعلقہ تاجر برادری کے تمام مسائل ایک ہی جگہ سے حل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے سی ڈی اے چیمبر کو ایک گرائونڈ آلاٹ کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے نوجوان انٹرپرنیورز کے لیے آئی ایٹ مرکز اور جی الیون مرکز سمیت دیگر تجارتی مراکزمیں فلاور مارکیٹ قائم کرے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی ٹریڈرز ویلفیٔر ایسوسی ایشنز کے لیے کچھ فنڈز مختص کریں تاکہ مارکیٹوں میں زیر التواء ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج کی پرانی لائنیں اکثر بند ہو جاتی ہیں لہٰذا ان کو نئی لائنوں سے تبدیل کیا جائے۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیف آفیسر رانا محمد وقاص انور نے کہا کہ فیس کی ادائیگی کے لیے ون ونڈو جلد فعال ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی مارکیٹوں کی ترقی پر بہتر توجہ دیں گے تا کہ تاجر برادری کو سہولت ہو۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی مشاورت سے ٹیکسوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مارکیٹوں کی صفائی اور پھول مارکیٹ کے لیے جگہوں کی نیلامی کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ چیمبر کی ایک ٹیم ایم سی آئی کا دورہ کرے تاکہ مرحلہ وار مسائل کو حل کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں