پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کی جنرل کونسل کی حلف برداری کی تقریب

پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کی جنرل کونسل کی حلف برداری کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک، ٹرانسپورٹ اور مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن علی رضا،صدر پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن بشیر احمد حطار،صدر لاہور چیمبر آف کامرس شیخ کاشف اور مختلف ڈویژنز کے ممبران نے شرکت کی۔ چیئرمین پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن علی رضا نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے تعلیم اور اس کی اہمیت بارے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران سے حلف لیا اور نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پورے پنجاب سے آئے سکول لیڈرز کو لاہور میں خوش آمدید کہتا ہوں۔امید کرتا ہوں کہ نئے عہدیداران ایجوکیشن سیکٹر کی اخلاص سے خدمت کریں گے۔ ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ نئے ممبران یقینی طور پر پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر میں اعتماد کی فضا قائم رکھیں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو ملکر رٹا سسٹم کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی تاہم نوجوان نسل کی ذمہ داری اب اساتذہ پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ان کو تعلیم سے روشناس کرانے کے ساتھ ایک بہترین شہری بننے پر بھی زور دیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو تعلیمی نظام سے نکال دیں تو بحران آ جائے گا جبکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کی تقدیر صرف شعبہ تعلیم ہی بدل سکتا ہے۔

ہمیں وقت کے ساتھ مثبت تبدیلیاں لانا ہوں گی کیونکہ اب آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا دور آگیا ہے جو کہ اسٹوڈنٹس کے معیار کو جانچنے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں میں شعبہ تعلیم کو نظر انداز کیا گیا اور یہ شعبہ کسی کی ترجیحات میں شامل نہ ہوسکا تاہم کورونا کے دوران، قومی نصاب کے اطلاق میں چیمبر آف کامرس کا کردار قابل تحسین رہا ہے جبکہ ناظرہ قرآن اور ترجمہ قرآن کو اصل روح کے ساتھ لاگو کرنے میں بھی چیمبر نے لازوال کردار ادا کیا۔ چئیرمین علی رضا، صدر بشیر احمد حطار اور پوری ٹیم کیلئے دعاگو ہوں –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں