خواتین کے کردار کو بڑھا کر پاکستان کی جی ڈی پی میں 30 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے،روبینہ امجد

فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی صدرروبینہ امجدنے کہا کہ پاکستان میں کاروباری ملکیت میں خواتین کی شرکت کی مشکلات اور کم شرح کے باوجود یہ حقیقت ہے کہ کاروباری ملکیت اور معاشی ترقی میں خواتین کی شرکت کے درمیان مثبت تعلق ہے۔

وومن بزنس کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کے دوران انہوں نے2018 میں ہونے والے آئی ایم ایف کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور خواتین کی کاروباری صلاحیت میں اضافہ کرکے ان کے کردار کو بڑھا کر پاکستان کی جی ڈی پی میں 30 فیصد اضافہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان نے انسانی وسائل کی اپنی صلاحیت کا محض 40 فیصد استعمال کیا ہے جبکہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں خواتین کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےلئے ایک جامع فریم ورک تشکیل دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اب انہوں نے کاروباری خواتین کےلئے صلاحیت سازی کا منصوبہ شروع کرنے کا منصوبہ وومن اینڈ آئی ٹی بنایا ہے تاکہ خواتین کو نہ صرف ملک کے اندر مارکیٹ رسائی حاصل ہوسکے بلکہ ملک کےلئے انتہائی ضروری زرمبادلہ کمانے کےلئے برآمدات کا منصوبہ بھی بنایا جاسکے۔ انہوں نے حکومت سے مذکورہ پراجیکٹ کےلئے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ اور وزارت خزانہ سے کچھ فنڈز فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں