نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے، احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے تا کہ نوجوان نسل کاروبار شروع کر کے معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کرے،پاکستان کی کل آبادی میں نوجوانوں کا حصہ 60فیصد تک ہے ،اس قیمتی انسانی اثاثے کو بزنس کی تعلیم فراہم کر نے پر خصوصی توجہ دی جائے تا کہ وہ ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا بزنس شروع کریں اور کاروبار کے میدان میں ترقی کر کے نیشنل اور انٹرنیشنل کمپنیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے دی کیرئیر کلاس اسلام آباد کے اشتراک سے کیا تھا۔

احسن بختاوری نے کہا کہ حکومت تمام پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار فراہم نہیں کر سکتی ،بے روزگاری پر قابو پانے اور نوجوان نسل کو پیداواری سرگرمیوں میں مصروف کرنے کا سب سے بہتر طریقہ ان کو انٹرپرینیورشپ کی طرف راغب کرنا ہے تا کہ وہ کاروبار کے ذریعے نہ صرف خود ایک خوشحال مستقبل حاصل کریں بلکہ دوسروں کے لئے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے یوتھ انٹرپرینیورشپ اور خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ چیمبر یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کلچر کو فروغ دینے کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے حکومت، تعلیمی اداروں اور ریگولیٹرز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں خاص طور پر سٹاٹ اپس کے لئے سازگار ماحول پیدا کریں جس سے پاکستان ترقی و خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔

چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں کا کلیدی کردارا ہوتا ہے کیونکہ جب کاروباری ادارے اور سٹارٹ اپس فروغ پاتے ہیں تو معیشت بہتر ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پالیسی اقدامات کے ذریعے کاروبار کیلئے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرے اور نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان قرضے فراہم کرے جس سے ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت مشکلات سے نکل کر بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔ ایگزیکٹو کوچ اور آرگنائزیشن ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ کامران زیڈ رضوی نے کاروباری اداروں میں آپریشنز کو بہتر بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دیگر کلیدی مقررین نے بزنس کے بہت سے اہم موضوعات پر اپنے خیالات کااظہار کیا جن میں انسانی وسائل کی ترقی، فنانس، ٹیکنالوجی، مصنوعات کی ترقی، انٹرپرینیورشپ اور دیگر شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں