حکومت موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے آسان قرضوں پر شمسی توانائی کو فروغ دے، شہزاد علی ملک

پاکستان ہائیٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ حکومت موسمیاتی تبدیلی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے آسان قرضوں پر شمسی توانائی کو فروغ دے۔ اتوار کو صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ صنعتیں اور توانائی کا گھریلو استعمال گرین ہائوس گیسوں کے اخراج کا بڑا ذریعہ ہیں جو ان چیلنجوں میں اضافے کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ان خطرات کو کم کرنے اور اقتصادی طور پر زیادہ قابل عمل توانائی کے لیے شمسی توانائی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ اس کیلئے حکومتی سطح پر صنعتی اور گھریلو دونوں شعبوں میں آسان قرضوں کے ذریعے شمسی توانائی کے فروغ کی ضرورت ہے۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے کاروباری اداروں اور گھرانوں کو سولرائزیشن کیلئے مالی مدد فراہم کرکے کئی اہم مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی تیزی سے فروغ پذیر اور سستا ذریعہ ہے اور قرضوں کے ذریعے اس کو اپنانے میں سہولت فراہم کر کے صنعتوں اور گھرانوں کے لیے توانائی کی لاگت کو کم کیا جا سکتا ہے۔

شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ شمسی توانائی پر انحصار سے فوسل فیول اور درآمدی توانائی کے ذرائع پر انحصار کم ہو گا اور انرجی سکیورٹی میں اضافہ ہو گا جبکہ توانائی کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاو ¿ کے خطرے کو کم کیا جا سکے گا۔ اس کے استعمال میں اضافہ سے ہمارے کاربن فٹ پرنٹ میں نمایاں کمی آئے گی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کی کوششوں میں بھی مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں