آئی سی سی آئی کے صدر کی قیادت میں وفد کا جی الیون مرکزکا دورہ،مسائل کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی)کے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد نے جی الیون مرکز اسلام آبادکا دورہ کیا اورمارکیٹ ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

چیمبر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جی الیون مرکز کی ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر نعیم اختر اعوان، سیکرٹری جنرل فرخ خان، گروپ لیڈر چوہدری آفتاب گجر، چیئرمین راجہ امین اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں احسن ظفر بختاوری نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ جی الیون مرکز کو جدید خطوط پر ترقی دے کر ماڈل مارکیٹ کا درجہ دیا جائے تا کہ تاجروں کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر سی ڈی اے کے ساتھ مل کر مارکیٹوں کی بہتر ترقی کے لئے کوشاں ہے اور مختلف مارکیٹوں کے مسائل کو تحریری طور پر بھی سی ڈی اے چیئرمین کو دیا گیا ہے تا کہ ان کو حل کرنے پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جی الیون میں بھی ترقیاتی کام کرانے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا کہ مارکیٹ یونین کے عہدیداران تاجروں کے مسائل حل کرانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنی کاروباری و خاندانی ذمہ داریاں قربان کر کے تاجروں کی بہتری کے لئے کوشاں رہتے ہیں جو قابل ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ یونین کے عہدیداران کی گراں قدر خدمات کو تسلیم کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کےلئے چیمبر نے ان کےلئے ایک ایوارڈ تقریب منعقد کی تھی جس میں سابق وزیراعظم پاکستان اور سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف مہمان خصوصی تھے، چیمبر آئندہ بھی مارکیٹ عہدیداران کی حوصلہ افزائی کےلئے اقدامات کرتا رہے گا۔ ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جی الیون مرکز اسلام آباد کے صدر نعیم اختر اعوان اور سیکرٹری جنرل فرخ خان نے کہا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی کی عدم توجہ کی وجہ سے مرکز میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور تاجروں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں فلٹریشن پلانٹ کی ضرورت ہے تا کہ تاجروں کو پینے کا صاف پانی ملے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں پبلک ٹوائلٹ کی بھی ضرورت ہے لہذا سی ڈی اے اس مسئلے کو جلد حل کرے۔ انہوں نے جی الیون مرکز میں پارکنگ، سڑکوں کی کارپٹنگ اور فٹ پاتھ کو مرمت کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔جی الیون مرکز کے گروپ لیڈر چوہدری آفتاب گجر نے اپنے خطاب میں چیمبر کے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ چیمبر ہمارے بڑے بھائی کی طرح ہے، تاجروں کی مشکلات کے حل کےلئے ہم چیمبر کے ساتھ ہیں،

ظفر بختاوری اور احسن بختاوری کی تاجروں کےلئے گراں قدر خدمات ہیں،ہم ان کے ساتھ مل کر اسلام آباد کو بزنس فرینڈلی شہر بنائیں گے۔راجہ محمد امتیاز، خالد چوہدری، سیف الرحمٰن خان، راؤ فیصل، ظفر گجر، ناصر چوہدری، چوہدری عرفان، ظریف خان، ضیا چوہدری، وسیم چوہدری اور دیگر چیمبر کے وفد میں شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں