وسطی ایشیائی ممالک سے سمندر کے راستے تجارت ، پاکستان بہت اہم : افتخار ملک

سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ سہ فریقی تجارت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ وسطی ایشیائی ممالک کو سمندری راستے کے ذریعے ملانے کیلئے پاکستان جیو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔ گزشتہ روز مسلم خان بونیری کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ریاستیں خشکی سے گھری ہوئی ہیں اور پاکستان ان کو سمندر تک آسان اور مختصر ترین رسائی فراہم کر سکتا ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کو بھی علاقائی تجارتی ربط فراہم کر سکتا ہے جس سے رکن ممالک اور اس سے بھی آگے تجارت کو فروغ ملے گا۔ ٹرانسپورٹ کوریڈور اور لاجسٹک انفراسٹرکچر تمام رکن ممالک کو فائدہ پہنچا سکتا ہے جس سے باہمی تعاون کو فروغ مل سکتا ہے۔ ایس سی او اپنے دائرہ کار اور کام کے لحاظ سے کثیر جہتی تنظیم ہے اور پاکستان اس سے ثمرات بھر پور ثمرات حاصل کر سکتا ہے۔

 ایس سی او، جس کا مینڈیٹ ہی معاشی تعاون کا فروغ ہے، اس سے استفادہ کر کے خطے میں زندگی کے ہر شعبے میں خوشحالی اور ترقی کے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔ افتخار علی ملک نے پائیدار علاقائی اقتصادی ترقی کیلئے چین کی قیادت میں ایس سی او کے پوٹینشل کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان ایس سی او ممالک کیلئے ٹرانس شپمنٹ اور تجارتی مرکز کے طور پر کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نجی شعبہ ایس سی او کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں