کراچی کے پریشان حال تاجر بیرون ملک شفٹ ہورہے ہیں، گورنر سندھ

   گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے کہ پریشان حال تاجر بیرون ملک شفٹ ہورہے ہیں۔ تاجربرادری کی آسانیوں کے لیے بھی وزیر خزانہ سے کھل کر بات کی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو تاجر رہنما ایس ایم منیر مرحوم کی رہائش گاہ اظہار تعزیت کے بعد تاجر وصنعت کاروں سے بات چیت کے دوران کہی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایف بی آر کے نوٹسز کے طریقہ کار سمیت تاجروں کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی وزیر خزانہ کو آگاہ کیا اور وزیرخزانہ سے کہا ہے کہ ایف بی آر کو تین سال میں صرف ایک مرتبہ آڈٹ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اپنی تجارتی ایوانوں کی سیاسی سرگرمیوں کو علیحدہ یا الگ ہوکر جاری رکھیں لیکن معاشی پالیسیوں ایک موقف اختیار کررکھیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے تاجروصنعت کاروں کے ایک وفد کی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ طویل مزاکرات کراؤں گا، چاہتا ہوں کہ مسائل حل ہوسکیں اور صنعت وتجارت کا پہیہ چل سکے۔

عباسی شہید اسپتال میں بہتری لانے کے اقدامات شروع

کامران ٹیسوری نے کہا کہ عباسی شہید ہسپتال میں بہتری لانے کی کوششوں کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی سینیٹر حسیب خان کی سربراہی میں قائم کردی گئی ہے۔ جس کے کام میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے باسیوں کو بہترین علاج کی سہولت کی فراہمی انکا بنیادی حق ہے۔

قبل ازیں گورنر سندھ نے مرحوم ایس ایم منیر کے بھائی ایس ایم نصیر, ایس ایم پرویز ودیگر لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے لیے ایس ایم منیر کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ اللہ تعالی ایس ایم منیر کی مغفرت اور اگلی منزلیں آسان کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں