بین الاقوامی کمپنی کی ریلوے نظام میں جدت کیلیے تعاون کی پیشکش

امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان سے ریل کمپنی ویبٹیک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں کمپنی کی جانب سے پاکستان ریلوے نظام میں جدت لانے کے لیے معاونت کی پیش کش کی گئی۔

ویبٹیک کے وفد کی جانب سے پاکستان کے ریلوے   نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، انجنوں کی ضروریات  پوری کرنے ، پاکستان میں اپنی کاروباری سرگرمیوں، تجربات، پاکستان ریلویز کے ساتھ مختلف امور میں تعاون اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات میں کمپنی کے نمائندوں نے ریل انجنوں کی تیاری کے حوالے سے کمپنی کی خصوصی استعداد کار، خصوصاً ڈیجیٹلائزیشن،  کنٹرول اینڈ سیفٹی، سگنل ٹریفک اور فیول کی بچت سے متعلق ہائبرڈ ٹیکنالوجی متعارف کرائے جانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

وفد نے بتایا کہ  اب تک کمپنی کی جانب سے  پاکستان ریلویز کو 153 انجن فراہم کیے جا چکے ہیں۔  اس کے ساتھ ان انجینئرنگ اور سروسز کے شعبے میں  بھی فراہم کردہ تعاون  پر بات چیت کی گئی۔  پاکستانی سفیر مسعود خان نے ویبٹیک کی جانب سے پاکستان ریلویز کے ساتھ تعاون کو سراہا۔

سفیر پاکستان کا وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  پاکستان میں ریلوے نظام کو جدید  خطوط پر استوار کرنے اور  مقامی  سطح پر ریل انجنوں کی تیاری ، مرمت و  دیگر متعلقہ سروسز کی  فراہمی  کے ضمن میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور ریل کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے بے انتہا مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

ریلوے  نظام کو جدید بنانے  کے ضمن میں ہم ویبٹیک کے تجربات اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ نقل و حمل کے نظام  میں ریلویز کی کلیدی اہمیت  اورترقی پذیر معیشت   کی ضروریات  نےریلوے  سیکٹر کے مختلف شعبوں میں نئے مواقع کو جنم دیا ہے۔

ملاقات میں وفد کی جانب سے پاکستان ریلویز کے ساتھ جاری تعاون کو مزید بڑھانے اور انجنوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے معاونت کی پیش کش  کی گئی، جس کا سفیر پاکستان نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سرمایہ کاروں اور پاکستان میں بزنس کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں