پاکستان اور چین کا سی پیک کے تحت صنعتی زون کے قیام پر اتفاق

پاکستان اور چین نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت صنعتی زون کے قیام پر اتفاق کر کے آپسی تعاون کے معاہدے پر دستخط کردیے۔

سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق معاہدے پر وزیر مملکت اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن اور چیئرمین نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن ہی لی فنگ نے دستخط کیے۔

معاہدے کے تحت صنعتی تعاون پر مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) قائم کیا جائے گا، جس کا مقصد سی پیک منصوبے کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار کو راغب کرنا، صنعت کاری اور اقتصادی زونز کی ترقی کو فروغ دینا اور عوامی و نجی شعبے دونوں منصوبوں کی شروعات، منصوبہ بندی، عمل درآمد اور نگرانی کرنا ہے۔

جے ڈبلیو جی کے تحت چین کے ساتھ پاکستان میں پیداواری، صنعتی میدان، برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ واضح رہے کہ 2018 میں سی پیک کے 8ویں جے سی سی اجلاس میں دونوں فریقوں نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جس میں صنعتی تعاون کے دائرہ کار اور مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا تھا۔

سی پیک اب دوسرے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی اور صنعت کاری کوفروغ کے علاوہ توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت دیگر شامل ہیں۔

سرمایہ کاری بورڈ کی مسلسل کوششوں سے دونوں فریقین نے 2020 میں موجودہ مفاہمت نامے کو ایک فریم ورک معاہدے میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت وسیع مشاورت اور وزیر اعظم کی منظوری کے بعد سر مایہ کاری بورڈ نے نومبر 2020 میں این ڈی آ ر سی کے ساتھ ڈرافٹ فریم ورک کا تبادلہ بھی کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں