منی بجٹ میں ٹیکس عائد ہونے کے بعد کمپنیوں نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتیں بھی بڑھا دیں

کار ساز کمپنیوں نے منی بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کے بعد قیمتوں میں یک دم بڑا اضافہ کردیا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں بڑی گاڑیوں پرعائد ٹیکس میں اضافہ کے بعد گاڑیاں بنانے والی تمام کمپنیوں نے قیمتیں بڑھادی ہیں۔

کارمینوفیکچررز کمپنیوں نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کے نام پر گاڑیوں کی قیمتوں میں چار لاکھ روپے تک اضافہ کردیا ہے جس کیوجہ سے خریداروں کی پریشانی بڑھ گئی ہے کیونکہ منی بجٹ سے کچھ عرصہ قبل بھی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔

کارڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں ایک ہزار سی سی سے بڑی گاڑیوں پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا ہے لیکن کمپنیوں نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

کار ڈیلرز کا کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے گاڑیوں کا کاروبار انتہائی نازک دور میں داخل ہوگیا ہے اور نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پرانی گاڑیوں کی خرید و فروخت پر بھی ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں