سمندر میں تیل کے کنویں کو پرتعیش تھیم پارک بنانے کا انوکھا منصوبہ

سعودی حکومت نے سیاحوں کوراغب کرنے کے لیے اب ایک نیا منصوبہ پیش کیا ہے ۔ اب ایک متروک آئل رِگ ( تیل نکالنے کا سمندری پلیٹ فارم) پرغیرمعمولی کھیل یعنی ایکسٹریم اسپورٹس، رہائش اور تفریحی سہولیات کے لیے ایک غیرمعمولی تھیم پارک بنایا جارہا ہے۔

تھیم پارک کو ’دی رِگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔16 لاکھ مربع فٹ وسیع تھیم پارک چاروں جانب سے سمندروں سے گھرا ہوگا جہاں لوگوں کو فیری، مخصوص کشتیوں اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔

پارک میں جدید ترین ہوٹلیں اور کھانے پینے کے مراکز بھی قائم کئے جائیں گے لیکن یہاں رولر کوسٹر، آبدوز کی سیر، اسکائی ڈائیونگ، اسکوبا اور دیگر تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یہاں ٹھہرنے والے افراد اپنا کھانا زیرِ سمندر شیشے کی بلبلہ ہوٹل میں تناول کرسکیں گے۔

سی این این ٹریول کے مطابق دی رِگ پر کئی ایک ہیلی پیڈ بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ تین بڑی ہوٹلوں میں مجموعی طور پر 400 کمروں کا منصوبہ بھی ہے۔

رِگ میں ایک دوسرے سے جڑے کئی بلیٹ فارم ہیں جن میں تین ہوٹل اور گیارہ ریستوران قائم کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رِگ کی تعمیر میں اسے دنیا بھر کے لوگوں کے لیے پرکشش بنایا گیا ہے۔ یہ مہمان نوازی، ایڈویچر اسپورٹس اور پانی کے کھیلوں کا ایک شاندار مرکز بنے گا جہاں لوگ ایک بالکل نیا تجربہ حاصل کرسکیں گے۔

ویب سائٹ کے مطابق سیاحوں کو ہیلی کاپٹر اور دیگر ذرائع سے سمندری تھیم پارک تک پہنچایا جائے گا۔ اس کے لیے 50 تیزرفتار اور جدید کشتیاں بھی بنائی جائیں گی۔ سعودی حکام نے اسے ساحل سے پرے دنیا کا سب سے بڑا تفریحی پلیٹ فارم قرار دیا ہے جو پہلی مرتبہ تیل کے پلیٹ فارم پر قائم کیا گیا ہے۔ اگرچہ اس پر ابتدائی کام ہی جاری ہے لیکن اس میں دنیا بھر کی دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔ دوسری جانب ذرائع ابلاغ نے میں بھی اس کا خوب چرچا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں