ہوا میں اڑتے سمندری جہازوں کا بصری دھوکہ، کیمرے میں قید

پوری دنیا میں تیزی سے وائرل ہونے والی تصویر میں تین بڑے بحری جہاز اور کروز شپس کو پانی کی حد سے اوپر ہوا میں معلق دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ منظر ڈیون میں واقع پینٹن ساحل پر دیکھا گیا ہے جس میں سارا احوال ایک تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔  بلاشبہ اسے ایک خوبصورت پوسٹر تصویر قرار دی جاسکتی ہے۔ اس میں گمان ہوتا ہے کہ گویا سمندری جہاز ہوا میں اڑرہے ہیں یا معلق ہیں۔

ماہرین کے مطابق اسے سمندری سراب جیسا بصری دھوکا کہا جاتا ہے جسے تکنیکی طور پر ’فاٹا مورگانا‘ کہا جاتا ہے۔ فاٹامورگانا میں جب سورج کی حدت سے سمندر یا زمین کے اوپر کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے تو اس فرق سے روشنی کی شعاعیں مڑ جاتی ہیں اور ریگستان میں پانی نما شے یا سمندر پر کشتیاں ہوا میں معلق دکھائی دیتی ہیں۔

اس عمل میں سرد ہوا کی تہہ پر گرم ہوا موجود ہوتی ہے اور بحری جہاز سے آنے والی روشنی ترچھی ہوجاتی ہے اور بحری جہاز افق پر بلند نظر آتا ہے۔  تصویر میں آگے کی جانب موجود سمندری پرندوں نے اس منظر کو مزید حقیقی اور خوبصورت بنادیا ہے۔

بعض افراد کے مطابق کووڈ 19 کی وبا میں برطانیہ میں سمندری جہازوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے اور شاید یہ تمام جہاز سمندر میں لنگر ڈالے موجود ہیں۔

ایسی ہی ایک اور تصویر گزشتہ برس لی گئی تھی جس میں ابرڈین شائر کے ساحلوں پر ایک سرخ رنگ کا سمندری جہاز ہوا میں معلق دکھائی دے رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں