جرمنی میں کورونا کی تشخیص کرنے والے خصوصی تربیت یافتہ کتوں کا استعمال

جرمنی کے ہوائی اڈوں پر مسافروں میں کورونا کی تشخیص کے لیے خصوصی تربیت یافتہ کتے تعینات کیے گئے ہیں جو لعاب دہن کو سونگھ کر کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ چلا سکتے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں مسلح افواج کے ویٹرنری کتوں کے تربیتی مرکز میں کام کرنے والی ایسٹر شالکے نے بتایا کہ ان تربیت یافتہ کتوں کو پہلے “کورونا کی بُو” کا عادی بنایا جاتا ہے جس کے بعد مشتبہ مریضوں کے لعاب کو سونگھایا جاتا ہے۔

کتوں کو تربیت دینے والے ایسٹر شالکے نے دعویٰ کیا کہ 94 فیصد افراد میں درست تشخیص کی جس کے بعد ہوائی اڈوں اور شاپنگ مال میں داخل ہونے والے افراد کے کورونا ٹیسٹ کے لیے انہی کتوں کو استعمال کیا جائے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کتوں کی سونگھنے کی صلاحیت کا اس طرح سے فائدہ اُٹھایا گیا ہے، پچھلے ستمبر میں فن لینڈ نے بھی ہوائی اڈوں پر کورونا کی تشخیص کے لیے تربیت یافتہ کتوں کا استعمال کیا تھا۔

اسی طرح چلی میں سینٹیاگو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بھی اسکریننگ کی کارروائیوں کے لیے بھی کتوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہ طریقہ کار دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں