کھانے سے چکنائی اور کیلوری کم کرنے والی پلیٹ

’بائی پلیٹ‘ نامی تھالی کو دیکھ کر آپ بھی سوچیں گے کہ یہ خیال آپ کو کیوں نہیں آیا۔ اس رکابی میں درجنوں چھوٹے اور گول گڑھے ہیں جن میں رکھے جانے والے کھانے کا اضافی تیل ان گڑھوں میں جمع ہوجاتا ہے۔ اب آپ کو کاغذ یا ٹشو پر پکوڑے یا پراٹھے رکھ کر ان کا تیل کم کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے پلیٹ میں رکھ دیں اور بائی پلیٹ اسے خود جذب کرلے گی۔

اس اختراعاتی ایجاد کےخالقین کا خیال ہے کہ صرف اب آپ کو کھانا بدلنے کی ضرورت نہیں بلکہ صرف پلیٹ تبدیل کرسکتے ہیں اور اپنی خوراک میں کیلوریز کم کرسکتے ہیں۔  ایک مرتبہ اس پلیٹ میں کھانے سے 32 کیلوریز کم کی جاسکتی ہیں۔ اس طرح ایک دن میں 90 کیلوریز یا حرارے کم ہوجاتے ہیں اور ایک سال میں 10 پونڈ چکنائی آپ کے پیٹ میں جانے سے بچ جاتی ہے۔

 دوسری جانب بائی پلیٹ میں سینکڑوں سوراخ ہر قسم کی مرغن غذا کا تیل جمع کرلیتے ہیں اور یوں آپ ایک ماہ میں کئی سو گرام تیل کھانے سے محفوظ رہ جاتے ہیں۔ اس طرح یہ اختراع ہم پاکستانیوں کے لیے بہت مفید ثابت ہوسکتی ہے۔  اس ایجاد کی چندہ مہم انڈی گو گو ویب سائٹ پر جاری ہے۔ اب تک کئی سو افراد اسے چندہ دے کر اس پروجیکٹ کو کامیاب بنا چکے ہیں۔ لیکن مناسب رقم نہ ہونے سے یہ ابھی نمونے کے مراحل میں اور بہت جلد اس کی باقاعدہ پیداوار شروع کی جائے گی۔

چار پلیٹوں کی قیمت 39 ڈالر رکھی گئی ہے یعنی ایک پلیٹ لگ بھگ 1600 روپے میں مل سکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں