دنیا کا سب سے چھوٹا کرسمس ٹری: انسانی بال سے بھی 20,000 گنا باریک

ہالینڈ کی ڈیلفٹ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں ایم ایس فزکس کی طالبہ ماؤرا ولمز نے ایک طاقتور خردبین استعمال کرتے ہوئے دنیا کا سب سے چھوٹا کرسمس ٹری تیار کرلیا ہے جس کی جسامت انسانی بال کی باریکی سے بھی 20,000 گنا مختصر ہے۔

زیادہ صحیح الفاظ میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس کرسمس ٹری کی اونچائی 4 نینو میٹر، یعنی ایک میٹر کے بھی 25 کروڑویں حصے جتنی ہے۔

مذکورہ کرسمس ٹری کی تیاری میں جو خردبین استعمال کی گئی ہے وہ ’’اسکیننگ ٹنلنگ مائیکرو اسکوپ‘‘ (ایس ٹی ایم) کہلاتی ہے جسے دنیا کی طاقتور ترین خردبینوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس قسم کی الیکٹرون خردبین سے ایک میٹر کے دس ارب ویں حصے یعنی 0.1 نینومیٹر جتنی باریک چیزیں دیکھی جاسکتی ہیں جبکہ اس سے ایک ایک ایٹم کو انتہائی مختصر پیمانے پر اِدھر سے اُدھر بھی کیا جاسکتا ہے۔

دنیا کا مختصر ترین کرسمس ٹری بنانے کےلیے ماؤرا ولمز نے ایک قلم (کرسٹل) کے ایٹموں کو ’’ایس ٹی ایم‘‘ کی مدد سے ایک ایک کرکے ترتیب دیا، پھر جب یہ کرسمس ٹری مکمل ہوگیا تو اسی خردبین کے ذریعے انہوں نے اس کی تصویر بھی کھینچ لی۔

ماورا کا کہنا ہے کہ دنیا کے اس مختصر ترین کرسمس ٹری سے تحقیق میں تو کوئی مدد نہیں ملے گی لیکن اسے بنا کر وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو ایک منفرد انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں