موٹر سائیکل سے ٹکر؛ ہاتھی کے بچے کا دل ہاتھوں سے پمپ کرکے اسے بچالیا گیا

تھائی لینڈ میں سڑک کنارے تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے گر کر نیم جاں ہونے والے ہاتھی کے بچے کو کارڈیو پلمونری ریسسکٹیشن ( سی پی آر) کے ذریعے موت کے منہ سے نکال لیا گیا۔

اتفاق سے اس حادثے کے فوراً بعد وہاں سے صحت کے کارکین مانا سری واتا گزرے جو کہ گزشتہ 26 برس سے سی پی آر کے ذریعے لوگوں کی جانیں بچاتے رہتے ہیں لیکن انہوں نے کبھی ہاتھی پر طبع آزمائی نہیں کی تھی۔

لیکن جب تھائی لینڈ کے صوبے شانتا بوری میں سڑک عبور کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل نے ہاتھی کے بہت چھوٹے بچے کو ٹکر ماری تو وہ سڑک پر گرگیا اور ہلکے ہلکے سانس لینے لگا۔

حادثے کے بعد اس کی آنکھیں کھلی رہ گئیں اور وہ بے حس ہوکر رہ گیا۔ اس دوران مانا نے اپنے دونوں ہاتھوں سے ہاتھی کے دل کے مقام کو دبانا اور پمپ کرنا شروع کردیا جبکہ موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر مدد فراہم کی گئی۔

اس دوران مانا سری واتا نے بتایا کہ دوسری جانب بچے کی ماں اور اس قبیلے کے دوسرے ہاتھی بچے کو پکار رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پوری قوت سے بچے کو بچانے کی کوشش کرنے لگے۔ اس دوران لوگوں نے پورے عمل کی ویڈیو بنائی جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

کچھ منٹ بعد ہاتھی کے بچے کی سانسیں بحال ہونا شروع ہوگئیں اور وہ اٹھ کھڑا ہوا اس کے بعد لوگوں نے اسے اپنی ہاتھی ماں کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں