آنکھ کی پلکوں، بھنووں اور پپوٹوں پر جاندار تصویریں بنانے والی آرٹسٹ

یوں تو ہر مصور اپنا تخلیقی کام کینواس پر ہی کرتا ہے لیکن دنیا میں ایک مصورہ ایسی بھی ہے جس نے آنکھ کی پلکوں، بھنووں اور پپوٹوں کے کینواس پر مختصر لیکن جزئیات سے بھرپور فن پارے بنا کر اپنا ہنر منوایا ہے۔

تل پیلیگ نامی 34 سالہ مصورہ گزشتہ چند سال سے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ (Tal_peleg) پر مختصر تصویریں (منی ایچر پینٹنگز) شیئر کرا رہی ہیں جن میں سے زیادہ تر انہوں نے آنکھ کے پپوٹے پر بنائی ہیں جبکہ کچھ تصویروں میں پلکوں اور بھنووں کو بھی آرٹ ورک کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اپنے بارے میں تل پیلیگ کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ سرامک پینٹنگز بنایا کرتی تھیں جنہوں نے اپنی بیٹی کو بھی مصوری سکھا دی۔

البتہ خود تل پیلیگ کو میک اپ آرٹسٹ بننے کا شوق تھا اور انہوں نے یہ کام سیکھ کر خواتین کا میک اپ کرنا شروع کرتا۔ لیکن جلد ہی وہ معمول کا میک اپ کرتے کرتے اکتا گئیں اور اپنی والدہ کے سکھائے ہوئے ہنر کو میک اپ میں استعمال کرنا شروع کردیا۔

پہلے یہ سب کچھ ایک شوق تھا لیکن لوگوں نے آنکھ پر بنی ہوئی خوبصورت اور جاندار تصویروں کو بہت پسند کیا جس سے انہیں ہمت ہوئی اور پھر وہ اپنا زیادہ وقت ’’آئی آرٹ‘‘ یعنی ’’آنکھ پر مصوری‘‘ پر صرف کرنے لگیں۔

انہیں آنکھ پر ایک تصویر بنانے میں ڈیڑھ گھنٹے سے چار گھنٹے تک لگ جاتے ہیں، جس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ تصویر میں کتنی جزئیات ہیں۔

2017 میں انہوں نے انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنالیا اور اپنی مصوری کے نمونے سوشل میڈیا پر شیئر کرانا شروع کردیئے۔ اس طرح دیکھتے ہی دیکھتے ان کے سوشل میڈیا فالوورز کی تعداد بڑھتی گئی اور آج انسٹاگرام پر سوا دو لاکھ سے زیادہ افراد ان کے مداحوں میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں