پی ایس ایکس کا ٹاپ 25کمپنیز ایوارڈزکے وصول کنندگان کا اعلان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے کیپٹل مارکیٹس اور مجموعی طور پر معیشت کے لئے ایک دلچسپ پیشرفت کے طور پر سال2022 ء کے لیے ٹاپ25 کمپنیوں کے ایوارڈز حاصل کرنے والوں کی کمپنیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، یہ کارپوریٹ سیکٹر میں سب سے باوقار اور نمایاں ایوارڈز ہیں اور ان کا آغاز ایکسچینج نے سال 1987ء میں کیا تھا۔ منتخب کمپنیوں نے اپنی مالی کارکردگی،

گورننس اور آپریشنل کامیابیوں کے ساتھ ساتھ پائیداری اور ای سی جی سے متعلق اقدامات کی بنیاد پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں ہر لحاظ سے لیڈرز ہیں۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق پی ایس ایکس ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز اس باوقار ایوارڈ کے لیے کچھ اہم پیشگی شرائظ حاصل کرنے والی کمپنیوں کو تسلیم کرتا ہے۔ دیگر پیشگی شرائط کے علاوہ، اس میں کم از کم 30ڈیویڈنڈ کی تقسیم شامل ہے اور کمپنی کے حصص کی تجارت ایک سال میں کل تجارتی دنوں میں سے کم از کم ہونا شامل ہے۔ 2022ء کے لئے پی ایس ایکس کی ٹاپ 25کمپنیوں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان نے کہاکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی جانب سے میں پی ایس ایکس کی ٹاپ 25کمپنیز ایوارڈز2022حاصل کرنے والوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں،

موجودہ مشکل معاشی حالات میں، پی ایس ایکس ٹاپ کمپنیز ایوارڈز کا اعلان انتہائی خوش آئند خبر ہے۔ یہ ایوارڈز پاکستان کی بہترین کارپوریٹ، کاروباری اور صنعتی کمپنیوں کی نمائش کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس سے مقامی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کو ایک مضبوط پیغام جائے گا کہ پاکستان کی معیشت در حقیقت ایسی کمپنیوں پر مشتمل ہے جو کہ نہ صرف مقامی طور پر دوسروں کو پیچھے چھوڑتی ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بہترین کمپنیوں کے مقابلے میں ہیں۔

یہ کمپنیاں بمعہ کارپوریٹ سیکٹر اس سال اور بھی زیادہ کریڈٹ کی مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے مشکل اور چیلنجنگ معاشی ماحول میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔وہ کمپنیاں جنہوں نے 2022 ء کے ٹاپ 25 کمپنیز ایوارڈز کی فہرست میں اپنی جگہ بنائی، ان میں فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ، سسٹمز لمیٹڈ، اینگرو فرٹیلائزر لمیٹڈ، اینگرو پاوجن قادر پور لمیٹڈ، اینگرو پولیمر اینڈ کیمیکلز لمیٹڈ، سیکییورٹی پیپرز لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹیڈ، حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ، ملت ٹریکٹرز لمیٹڈ، ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ، چیراٹ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، آرکروما پاکستان لمیٹڈ، انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ، انڈس موٹرکمپنی لمیٹڈ، جوبلی لائف انشورنس کمپنی لمیٹڈ، پاکستان کیبلز لمیٹڈ، دی حب پاور کمپنی لمیٹڈ، چیراٹ پیکیجنگ لمیٹڈ اور پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی لمیٹڈ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں