چین کے قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے صدر کراچی چیمبر کی تجویز کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ چین میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں ( ایم ایم ایز) کا جی ڈی پی کا 70 سے 80فیصد حصہ ہے لہٰذا چین پاکستان کے ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی میں مدد کرنے کے لیے ایک بہترین پوزیشن میں ہے۔ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی دینے کے علاوہ بہت سے دوسرے شعبوں میں بھی دونوں ممالک کی تاجر برادری موجودہ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر سکتی ہے تاہم زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے لیے سیکورٹی کے ساتھ ساتھ سیاسی صورتحال کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر محمد طارق یوسف کی قیادت میں کے سی سی آئی کے وفد سے کراچی میں چینی قونصلیٹ میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔
