کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ کراچی سے تاجروں کو ایک دن میں ویزے کا اجرا ء کیا جائے گا:سلیمان چاؤلہ، قائم مقام صدر، ایف پی سی سی آئی

قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ نے متحدہ عرب امارات کے کراچی قونصل خانے میں اس کے ایشیاء کے سب سے بڑے ویزا سینٹر کے افتتاح اور آپریشنل ہونے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے دونوں برادر ممالک کے درمیان پیپل ٹو پیپل اور بزنس ٹو بزنس تعلقات کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ سلیمان چاؤلہ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستانی تاجروں، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، برآمد کنندگان، سیاحوں اور طلباء کو کاروبار اور ٹورازم کے لیے اپنی ترجیحی منزل کے طور پر متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں کا انتخاب کرنے کی ترغیب دینے کے لیے مہمیز کا کام دے گا۔

قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی سلیمان چاؤلہ نے مزید کہا کہ پاکستان تازہ ترین مردم شماری کے مطابق چوبیس کروڑ پچانوے لاکھ کی آبادی والا دنیاکا ایک بہت بڑاملک ہے اور کراچی اس کا کاروباری، صنعتی، جہاز رانی، تجارتی اور مالیاتی مرکز ہے اور کہا کہ ایف پی سی سی آئی کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرلBakheet Ateeq AlRemeithi کے وژنری، فعال اور پاکستان بھر کے لیے بل العموم اور کراچی کی تاجر برادری کے لیے بل الخصوص سہولیاتی کردار کااعتراف کرتا ہے۔

نائب صدر ایف پی سی سی آئی شبیر منشاء نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ متحدہ عرب امارات پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند افرادی قوت کی ایکسپورٹ کے لیے ایک بہت اہم ملک ہے اورپاکستان کے لیے ورکرز کی ترسیلات زر بہم پہنچانے والے ممالک کی فہرست میں ٹاپ پر ہے۔ اس لیے متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے زرمبادلہ کے ذخائر کو برقرار رکھنے؛ روزگار کے مواقع؛ اسٹریٹجک تعلقات اور پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں پر ڈیفالٹ سے بچنے کے لیے نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے۔ متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرلBakheet Ateeq AlRemeithi نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کو بتایا کہ تاجروں کو کم از کم مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ ایک ورکنگ ڈے کے اندر یو اے ای کے ویزے ملنا شروع ہوجائیں گے اور وہ اپنی ذاتی اور سرکاری حیثیتوں میں بزنس ٹو بزنس اور چیمبر ٹو چیمبر روابط؛تجارتی فروغ کی سرگرمیوں؛ جوائنٹ وینچرز؛ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون اور سفرو سیاحت کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔Bakheet Ateeq AlRemeithiنے کراچی کی تاجر برادری کو یہ بھی دعوت دی کہ وہ کسی بھی مسئلے، شکایت اور تاخیر کی صورت میں براہ راست ان سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کراچی میں ویزا سینٹر کی نئی سہولت کو کسٹمر اور بزنس فرینڈلی بھی قرار دیا؛ جس میں کسی بھی قسم کے کوئی پوشیدہ چارجز بھی نہیں ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں