کاٹی اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے درمیان معاہدہ

 کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی)کے صدر فرا زالرحمان اور ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی) کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر محمد شریف خان کے مابین معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق ڈی ایم سی کی ترقیاتی کام سرانجام دینے والی ناکارہ گاڑیاں /ٹریکٹر ٹرالی کاٹی کے حوالے کر دی گئیں ہیں۔

اس طرح کاٹی اپنے اخراجات سے ان گاڑیوں کی مرمت کرکے کورنگی صنعتی علاقے کی صفائی ستھرائی اور ممبران کے مسائل حل کرنے میں ان گاڑیوں کو استعمال کرے گا۔ تقریب میں کاٹی کے بانی اور صدر فراز الرحمان کے والد حاجی فضل الرحمان مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کاٹی آفس سے ملحقہ سڑک پر یادگار چوک قائم کی جائے گی جسے ان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

تقریب میں کاٹی کی سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدر مسلم محمدی، احسن فاروقی، سید طلحہ علی،میونسپل کمشنر کورنگی اشفاق ملاح، سینئر ڈائریکٹر کونسل جاوید احمد ، عدنان خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے کہا کہ کاٹی ڈی ایم سی کی ناکارہ گاڑیوں کی ذمہ داری اٹھاتے ہوئے ان کے اخراجات برداشت کرے گی تاکہ صنعتی علاقے کے ترقیاتی کاموں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو اپنی نگرانی میں احسن طریقے سے انجام دے سکے ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کاٹی ممبران نے صنعتی علاقے کی خوبصورتی اور شاہراں کی بحالی کی ذمہ داری اپنی مدد آپ کے تحت اٹھائی ، یہی وجہ ہے کہ آج کاٹی کراچی کے تمام صنعتی علاقوں میں سب سے بہتر ہیاور ایک رول ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی کی جانب سے اپنے والد بانی کاٹی مرحوم حاجی فضل الرحمان کیلئے یادگار بنانے پر ایڈمنسٹریٹر کورنگی شریف خان کاشکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ حاجی فضل الرحمان مرحوم نے کاٹی کی بنیاد رکھی اور ان کے ساتھ سابق سرپرست اعلی ایس ایم منیر نے مل کر کاٹی کو ایک مثالی انڈسٹریل زون بنایا۔ ان کی محنت اور کاوشوں سے آج کاٹی پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی علاقہ ہے، جہاں ملک کی سرفہرست انڈسٹریز موجود ہیں۔ تقریب سے ایڈمنسٹریٹر کورنگی محمد شریف خان نے کہا کہ ڈی ایم سی اپنے محدود وسائل میں ڈسٹرکٹ کورنگی کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے تاہم کاٹی کی جانب سے ناکارہ گاڑیوں کی مرمت اور ان کے اخراجات اٹھانے کی ذمہ داری اٹھانا احسن اقدام ہے ،ایڈمنسٹریٹر محمد شریف خان نے مزید کہا کہ کاٹی ماضی میں صنعتی علاقے کی بحالی کیلئے مثالی اقدامات اٹھا چکا ہے ، اور اب صنعتی علاقیمیں وسعت کے بعد مزید ترقیاتی کام کاٹی اپنی مدد آپ کے تحت کریگا ۔

انہوں نے کاٹی کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ کورنگی کی بہتری کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں