امپورٹرز ، ایکسپورٹرز مسائل،ایل سیز نہ کھلنے سے مالی مشکلات بڑھ گئیں :رانا طارق

 پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ امپورٹرز اور ایکسپورٹرز کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں جس کے اثرات فریٹ فارورڈرز پر بھی نمایاں ہیں۔ایل سیز نہ کھلنے کی وجہ سے مالی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔حکومت سے اپیل ہے کہ فریٹ فارورڈرز کو ریلیف اور مراعات دینے کیلئے خصوصی سکیم کا اعلان کیا جائے۔پیففا کے سینئر وائس چیئرمین رانا طارق محمود،سابق چیئرمین جمیل احمد،ایگز یکٹو کمیٹی ممبران اسد اللہ خان ،فیضان اکرم،سیف اللہ خان اورفرحان سلیم نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ سیاسی عدم استحکام ، ڈالر کی قلت اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھائو کی وجہ سے امپورٹرز اور ایکسپورٹرز دونوں ہی پریشان ہیں۔ فریٹ فارورڈرز کے کاروبار کے حجم میں بھی کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس سے وابستہ ہزاروں خاندان شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی خزانے میںسالانہ 6ارب ٹیکس دینے والے فریٹ فارورڈرز کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ ے ہوئے ہیں۔حکومت سے مطالبہ ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مشکلات کا شکار تمام شعبوں کو ٹیکسوں میں ریلیف دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں