آئی ایم ایف کے معاہدے سے متعلق مثبت خبریں آنا معیشت کیلئے خوش آئند ہے۔فرازالرحمان

 کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے معاہدے سے متعلق مثبت خبریں آنا معیشت کیلئے خوش آئند ہے۔ دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کی مالی امداد کی یقین دہانی کے بعد آئی ایم ایف معاہدہ جلد متوقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بزنس مین عزیر ایسانی کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری مہمان خصوصی تھے، صوبائی وزیر سعید غنی، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی فراز عابد لاکھانی جبکہ دیگر شرکاء میں نائب صدر کاٹی مسلم محمدی، سابق صدر دانش خان، اطہر اقبال، فضل دادابھائی سمیت سفارتکار بھی شریک تھے۔

صدر کاٹی نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی تمام شرائط پر عملدرآمد کر چکا، اب معاہدے میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔

فراز الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد ملک میں جاری معاشی بحران کا خاتمہ ہوگا اور معیشت میں کچھ استحکام آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے میں غیر یقینی کے باعث اسٹاک مارکیٹ اور ڈالر کی قیمتیں اتار چڑھاؤ کا شکار تھیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں شدید دباؤ رہا۔ اس موقع پر عالمی بینک کی آؤٹ لک رپورٹ میں مزید 39 لاکھ افراد کا غربت کی سطح سے نیچے چلے جانا تشویشناک ہے۔

صدر کاٹی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، رواں سال حکومت کیلئے مالی اہداف مکمل کرنا انتہائی دشوار نظر آرہا ہے۔ جبکہ رواں سال قرضوں کی مد میں بھاری رقم کی اقساط بھی سر پر کھڑی ہیں، ایسے میں حکومت کو بھرپور منصوبہ بندی سے حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے تو کاٹی سمیت تمام بزنس کمیونٹی معاشی بحران سے نمٹنے کی نہ صرف تجاویز دے سکتے ہیں بلکہ حکومت تعاون کرے تو بحران کا کامیابی سے خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں