پالیسی سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرینگے،ایس ایم تنویر

فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) میں یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے بلامقابلہ منتخب سرپرست اعلیٰ اورپنجاب کے نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کرے گا اور ملک میں معاشی استحکام کے حصول اور پالیسی سازی کے عمل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائیں گے،چاروں صوبوں میںیو بی جی کے ممبران اور سینئررہنمائوں کو بزنس کمیونٹی سے رابطوں اور ان سے مشاورت کا ٹاسک دیا جارہا ہے اورایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن میں یونائٹیڈ بزنس گروپ ایک بار پھر اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز یو بی جی کے صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر زبیرطفیل،سندھ ریجن کے چیئرمین خالدتواب،سیکریٹری جنرل حنیف گوہر اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کے دوران کہی۔اس موقع پر اپٹما کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹرگوہراعجاز بھی موجود تھے۔مرکزی ترجمان یو بی جی گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس ایم تنویر نے کہا کہ یو بی جی کی تنظیم نو وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس مقصد کیلئے جو چار رکنی ٹیم قائم کی گئی ہے وہ تنظیم نو کیلئے جلد ہی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

صدر یو بی جی زبیرطفیل نے یو بی جی کے بانی سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے ایس ایم منیر بھائی جان نے تجارت اور صنعت کو فروغ دینے کیلئے زندگی بھر شاندار خدمات سرانجام دیں ،ہمیں یقین ہے کہ ایس ایم تنویر بھی متحرک اور فعال شخصیت کے طور پر یو بی جی کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کریں گے۔ خالدتواب نے کہا کہ یو بی جی سند ھ کی کورکمیٹی کو یہ اعزاز حاصل رہا کہ ایس ایم تنویر کا نام سندھ کی کور کمیٹی کی طرف سے تجویز کیاگیا جسے کی پی کے سے غضنفر بلور، بلوچستان سے انجینئردارو خان اچکزئی، اسلام آباد سے عبدالرؤف عالم اور پنجاب سیعامر عطا باجوہ کی تائید کے بعد اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم تنویز کی صورت میں ہمیں بھائی جان ایس ایم منیر دکھائی دیتے ہیں اورہمیں یقین ہے کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی بہترخدمت کرنے میں وہ نئی مثال قائم کریں گے۔ حنیف گوہر نے کہا کہ ایس ایم تنویر بہترین ویژن کی حاملل شخصیت ہیں اور وہ بزنس کمیونٹی کو متحد رکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں،انکی قیادت میں یو بی جی ایک نئی قوت کے ساتھ بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرے گا۔ا پٹما کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہے، ہم یو بی جی کواپٹما کی طرح پاکستان کا ایک اہم ترین ادارہ بنائیں گے جو معاشی پالیسی سازی میں ایک اہم کردار ادا کرے گا اور ملک میں ترقی و خوشحالی کی نئی بنیاد استوار کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں