سائٹ صنعتی ایریا کے صنعتکاروں کا حکومت سے صنعتوں کو گیس کی فوری بحالی کا مطالبہ

کسی بھی صنعت،سی پی پیز کو گیس فراہمی کی معطلی کو مسترد کرتے ہیں، ریاض الدین صنعتوںکی گیس بحال نہ ہوئی توصنعتکار پیداواری یونٹ بند کرنے پر مجبور ہوجائیںگے، صدر سائٹ ایسوسی ایشن

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی (سائی) کے صدر ریاض الدین نے صنعتوں اور ان کے کیپٹیو پاور پلانٹس (سی پی پیز) کو گیس سپلائی معطل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے درخواست کی ہے کہ اس مشکل وقت میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی پیدا کردہ سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور سائٹ ایریا کی صنعتوں کو مکمل پریشر کے ساتھ بلاتعطل گیس کی سپلائی فوری بحال کی جائے۔

ریاض الدین نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اپیل میں کہا کہ صنعتوں کو بلاتعطل توانائی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی کے اتار چڑھاؤ یا اس میں رکاوٹیں نہ صرف پیداواری نقصان کا باعث بنتی ہیں بلکہ کنٹرول پینلز اور جدید ترین پاور ڈرائیوز کو شدید نقصان پہنچاتی ہیں جو کہ موجودہ صورتحال میں مشینری اور اسپیئرز پارٹس کی درآمد پر پابندی کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بنتی ہیں۔

صدر سائٹ ایسوسی یشن نے صنعتوں کو گیس فراہمی کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورگرمیوں کی آمد کے بعد بھی کراچی کی صنعتوں کو گیس کی مسلسل معطلی کو سراسر غیر منصفانہ اور غیردانشمندانہ اقدام قرار دیا جو کہ انتہائی غیر ضروری عمل ہے۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ تمام صنعتوں اور ان کے سی پی پیز کو مکمل پریشر اور ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے مسلسل گیس کی سپلائی فوری بحال کرنے کے لیے سخت ہدایات جاری کرے ورنہ صنعتکار اپنے پیداواری یونٹ بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں