عوام کرپشن اور نااہلی کی سزا بھگت رہی ہے۔ میاں زاہد حسین

 نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ دنیا کے تین جوہری قوت کے حامل ممالک کی عوام بھوک کی شکار ہے۔ شمالی کوریا کی عوام عالمی پابندیوں کی وجہ سے بھوک کا سامنا کر رہی ہے۔

بھارت میں کروڑوں لوگ حکومت کی نااہلی، جنگی جنون، مذہبی عصبیت اور کرپشن کی سزا بھگت رہے ہیں، پڑوسی ملک میں آبادی بہت زیادہ ہے جن کا پیٹ بھرنا آسان کام نہیں ہے۔ جوہری قوت پاکستان میں عوام آئین کی پامالی، کرپشن، آمدن سے زیادہ اخراجات، سیاسی عدم استحکام اورنہ ختم ہونے والی اشرافیہ پروری کو بھگت رہی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کے پیش نظر بیشترحکومتوں کی توجہ دنیا سے قرضوں کے حصول پر مرکوز رہی ہے۔

پاکستان پرکئی بارڈالروں کی بارش ہوئی مگر اسے قرض اتارنے یا ملکی ترقی کے لئے استعمال کرنے کے بجائے ضائع کردیا گیا اوراب پاکستان کے مضبوط اقتصادی و جغرافیائی پوٹینشل کے پیش نظردنیا چاہتی ہے کہ ایٹمی پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو۔ دنیا چاہتی ہے کہ پاکستان اپنے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرے، ناکام سرکاری ادارے پرائیوٹائزہوں، انرجی، زراعت اور ایکسپورٹ کو بھرپور توجہ دی جائے۔

میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ جو ملک آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر قرض لینے کے لئے مارا مارا پھررہا ہو وہ سیلاب سے پہنچنے والے اکتیس ارب ڈالر کے نقصانات کا ازالہ کیسے کرے گا۔ اگر2022 کے سیلاب زدگان کی مدد نہیں کی جائے گی تو وہ اپنے پیروں پر کھڑے نہیں ہوسکیں گے جس کے نتیجے میں زرعی پیداوارمزید کم ہو جائے گی کھانا پینا مزید مہنگا ہوجائے گا اورملک میں فوڈ سیکورٹی کا مسئلہ مزید شدت اختیار کرجائے گا۔

اس وقت ملکی آبادی کا بڑا حصہ اپنی آمدن میں سے زیادہ حصہ خوراک کے حصول پرخرچ کررہا ہے مگر انھیں پیٹ بھر کر کھانا نصیب نہیں ہو رہا ہے۔ دولت کی تقسیم، انسانی ترقی اوراقتصادی بہتری میں ہم بھارت، بنگلہ دیش اوردرجنوں دیگرممالک سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ سیلاب سے قبل ہی چالیس فیصد بچوں کے قد بھوک کی وجہ سے چھوٹیرہ گئے تھے۔ سیلاب سے قبل بھی پاکستان سکول نہ جانے والے بچوں میں سرفہرست تھا جس میں مہنگائی کی وجہ سے مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں