درآمدات پر پیشگی نقد ادائیگی کے خاتمہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ،صدر کاٹی

لگژری و غیر ضروری اشیاء کی درآمد پر تھرڈ پارٹی ادائیگی کی شرط لازم، ڈیوٹی اکاؤنٹ کے ذریعے منگوائی جائے، فراز الرحمان

کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے درآمدی اشیاء پر کیش مارجن رسٹرکشن (پیشگی نقد ادائیگی) کی شرط ختم کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ملک میں خام مال اور ضروری اشیاء کی قلت دور ہوگی۔ منجمد صنعتی پیداوار کا دوبارہ آغاز ہوگا اور برآمدات بھی بحال ہوگی۔

صدر کاٹی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک لگژری اور غیر ضروری اشیاء کی درآمد کیلئے تھرڈ پارٹی ادائیگی کی شرط لازم کرے اور تمام درآمدی ڈیوٹیز بینک اکاؤنٹ کے ذریعہ منگوائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی شعبہ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں درکار مشینری کی درآمد پر ڈیوٹی کا خاتمہ کرکے مزید سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ملک میں صنعت کاری میں اضافہ ہو۔ فراز الرحمان نے کہا کہ 2017 سے مختلف مواقعوں پر عائد پابندی سے بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستان کی بدنامی ہو رہی تھی۔ خریدار پابندی کے باعث پاکستان سے تجارت کو ترجیح نہیں دے رہے تھے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے پیشگی نقد ادائیگی کی شرط ختم کرنے سے ملک میں ناپید خام مال اور ضروری اشیاء کی فراہمی بحال ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں