پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی تجارت بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،صدرسرحدچیمبر

 سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق نے کہا ہے کہ وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کو بڑھانے کے بے شمار مواقع موجود ہیں تاہم سنٹرل ایشیاء ممالک کے تجارت کے فروغ کے لئے مربوط بینکنگ چینل کے قیام بزنس ٹو بزنس رابطوں کوبہتر بنانے ویزوں کے اجراء میں آسانی پیدا کرنے سمیت براستہ ایئر کارگو سروسز کے آغاز صنعتی نمائشوں کے انعقاد اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

چیمبرعنقریب وسطی ایشیاء کی تین ریاستوں میں ٹریڈ فیئرکا انعقاد کرنے کی جا رہی ہے جو کہ علاقائی تجارت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات انہوں نے تاجکستان کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور عمار انصاری بھی موجود تھے۔

پاکستان کے تاجکستان کے لئے نامزد سفیر محمد سعید سرور نے اس موقع پر اجلاس کو بتایا کہ موجودہ حکومت وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے لئے کوشاں ہے جس میں نجی سیکٹر اور کاروباری طبقہ کا کرداربہت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ بزنس کمیونٹی ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو باہمی تجارت کے فروغ کے لئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

نامزد سفیر تاجکستان محمد سرور نے کہا کہ تاجکستان ایک برادر اسلامی ملک ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لایا جائے اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے باہمی تجارت میں درپیش مسائل کو فوری حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے کہا کہ ملک کا معاشی مستقبل وسطی ایشیاء کی ریاستوں اور افریقہ کے ساتھ باہمی تجارت میں جڑا ہوا ہے۔

سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی تجارت نہ ہونے کے برابر ہے جس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تاجکستان میں مستقل بنیادوں پر پاکستان بازار قائم کرنے مربوط بینکنگ چینل کے قیام اور باہمی تجارت کے لئے درپیش مسائل کے لئے سٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت ویزوں بارڈر کراس کے حوالے سے پالیسیوں میں نرمی لانے سمیت اور باہمی تجارت کے فروغ کے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کے حوالے سے متعدد و دیگر تجاویز پیش کیں تاجکستان کے نامزد سفیر محمد سعید سرور نے سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق کی سفارشات سے مکمل اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا ہے کہ مجوزہ تجاویز کی روشنی میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے لئے موثر و عملی اقدامات کئے جائیں گے۔

اس سے قبل عمار انصاری نے پاکستان اور وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے درمیان باہمی تجارت کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور وسطی ایشیاء ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے پوٹنشل بہت زیادہ ہے جس سے بخوبی استفادہ حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے نائب صدر اعجاز خان آفریدی اور سیکرٹری جنرل سجاد عزیز نے بھی پاکستان اور وسطی ایشیاء کی ریاستوں کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے متعدد تجاویز پیش کیں جس کو شرکاء نے کافی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں