تجارتی نمائشوں سے کاروبار کے فروغ، مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملتی ہے، شہزاد علی ملک

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ تجارتی نمائشوں سے کاروبار کو فروغ ملتا ہے کیونکہ یہاں مختلف مصنوعات اور برانڈز مسابقتی نرخوں پر دستیاب ہوتے ہیں اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی راغب کرنے میں مدد ملتی ہے۔

ساہیوال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام میگا ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک کو اپنی انفرادیت، صنعتی پیداوار اور دیگر سامان کی تجارت کے فروغ کے لیے ایسی نمائشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایجادات اور مصنوعات کی مارکیٹنگ کیلئے تجارتی میلے بہترین مقام ہیں کیونکہ یہاں دونوں طرف کے فیصلہ ساز ذاتی طور پر ملاقاتیں کرتے ہیں، جس سے ان کے مابین اعتماد کی ایک طویل مدتی بنیاد بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی میلے کے شرکا اس بات کا مشاہدہ کرتے ہیں کہ مختلف صنعتیں مارکیٹ میں کونسی مصنوعات پیش کرتی ہے اور وہ مسابقت کا مشاہدہ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ نمائشوں میں ایک ہی جگہ سینکڑوں نمائش کنندگان موجود ہوتے ہیں اور ہر سٹینڈ میں کچھ نہ کچھ مختلف ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائشیں مصنوعات کے جدید رجحانات اور صارفین کی ترجیحات پر مارکیٹ ریسرچ کا اچھا موقع فراہم کرتی ہیں۔ آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے حریف کیا کچھ پیش کر رہے ہیں اور آپ کس طرح ان کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نمائشیں آپ کو زیادہ سے زیادہ گاہکوں تک پہنچنے اور اپنی مصنوعات یا خدمات کو فروغ دینے کے مواقع مہیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اپنی مصنوعات کو عوام کے سامنے متعارف کرانے سے پہلے کاروباری و عوامی تاثرات سے آگاہی کے لیے بھی نمائشیں منعقد کر سکتے ہیں۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ ایکسپو مقامی علاقے کے کاروباری پوٹینشل کو متحرک کرنے کا بھی بہترین طریقہ ہے ان نمائشوں میں شہروں سے باہر سے آنے والے کیش خریداری کرتے ہیں جس سے سرمائے کی گردش ہوتی ہے، سیاحوں اور غیر مقامی افراد کے لیے علاقے اور مقامی کاروبار کا پروفائل بڑھتا ہے اور کمیونٹیز ایک دوسے کے قریب آتی ہیں۔

تجارتی نمائشوں میں شرکت کرنے والے اس لئے وہاں جاتے ہیں تاکہ وہ اشیا اور خدمات پر رعایتی قیمتیں حاصل کر سکیں، صنعتوں میں نئے رجحانات کی جانکاری لے سکیں اور کسی پراڈکٹ یا سروس کو خریدنے سے پہلے اس کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔ ساہیوال چیمبر کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز کو چاہیے کہ وہ اپنی مقامی مصنوعات کی پروجیکشن و پروموشن اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے اپنے علاقوں میں نمائش کا انعقاد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں