لاہور چیمبر آف کامرس نے وفاقی بجٹ کیلئے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے تجاویز طلب کرلیں

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹریڈ اینڈ انڈسٹریل ایسوسی ایشنز سے بجٹ تجاویز طلب کی ہیں تاکہ وفاقی بجٹ 2023-24 کے لیے مشترکہ تجاویز بھجوائی جاسکیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ وزیر مملکت اور چیئرمین ریفارمز اینڈ ریسورس موبلائزیشن کمیٹی اشفاق ٹولہ نے 13 فروری 2023 کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، ملاقات کے دوران انہوں نے چیمبرز اور ایسوسی ایشنز سے مشترکہ بجٹ تجاویز تیار کرنے کی درخواست کی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے کاروبار معیشت کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں پیدا کرنے والے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ دریں اثناء پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تفصیلی پریزنٹیشن دی اور صدر لاہور چیمبر کاشف انور کو چارٹر آف اکانومی پر ایک دستاویز پیش کی۔ چارٹر آف اکانومی کی ابتدائی دستاویزجو لاہور چیمبر نے پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف مارکیٹ اکانومی کے تعاون سے تیار کی تھی، میں تین حصے شامل ہیں۔ پہلا حصہ بنیادی اقتصادی حقوق و اقتصادی پالیسی ، دوسرا حصہ ضابطہ اخلاق ، اخراجات پر پابندی، منصفانہ ٹیکس، سبسڈی، بجٹ، سماجی تحفظ، آزاد منڈی اور تجارت، کرنسی اور قرض جبکہ تیسرا حصہ نفاذ کے عمل کی تفصیلات پر مشتمل ہے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس دستاویز کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور مختلف پیشہ ور تنظیموں کی آراء بھی حاصل کی جائیں گی۔لاہور چیمبر کے صدر نے تمام چیمبرز اور تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ وفاقی بجٹ 2023-24 سے متعلق اپنی تجاویز جلد از جلد لاہور چیمبر کے ساتھ شیئر کریں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں