تاجربرادری کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرانے کیلئے کوشاں ہیں،صدراسلام آبادچیمبر

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن بختاوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرانے کیلئے کوشاں ہے تا کہ تاجروں کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔

ایف بی آر اور سی ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جی 9 مرکز کراچی کمپنی سمیت دیگر مارکیٹوں کے مسائل حل کرانا ہماری ترجیح میں ہے۔ سی ڈی اے نے جی نائن مرکز میں پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کیلئے جگہ کا تعین کیا ہوا ہے لہذا انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا کام جلد شروع کرے تا کہ کراچی کمپنی کے تاجروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، جی نائن مرکز کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برادری کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے عہدیداران سے حلف لیا اور الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ راجہ جاوید اقبال نے بطور صدر، حاجی ظفر جنرل سیکرٹری، چوہدری عبدالرالغفار سینئر نائب صدر، چوہدری انعم سعید، شیرزادہ کاکاخیل، جاوید خان اورشیخ عالمگیر نے بطور نائب صدر اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔احسن بختاوری نے کہا کہ ہم پہلے ہی جی نائن مرکز کیلئے فلٹریشن پلانٹ کا اعلان کر چکے ہیں جس پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیوریج اور دیگر ترقیاتی کاموں سمیت جی نائن مرکز کے دیگر مسائل کو بھی سی ڈی اے کے ساتھ ترجیح بنیادوں پر اٹھائیں گے تاکہ ان کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے تاجروں میں اتحاد بے مثال ہے جو بہت خوش آئند ہے کیونکہ اتحاد و اتفاق سے ہی تاجر اپنے مسائل کو بہتر انداز میں حل کرا سکتے ہیں۔اس موقع پر مسلسل تیسری مرتبہ ٹریڈرز و یلفیئر ایسوسی ایشن جی نائن مرکز کے منتخب ہونے والے صدر راجہ جاوید اقبال نے کہاکہ احسن بختاوری کی صورت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں ایک باصلاحیت نوجوان قیادت آئی ہے جو تاجروں کیلئے خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری نے اپنی کارکردگی اور مثبت رویے کی وجہ سے جی نائن مرکز کے تاجروں کے دل جیت لئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جی نائن کے تاجروں کا جینا مرنا احسن بختاوری اور چیمبر کے ساتھ ہے اور ہم اپنا یہ عہد زندگی بھر نبھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں