نجی بینک ایل سی کھولنے کے حکومتی اعلانات کو کسی خاطر میں نہیں لارہے ہیں ،ایف ایف اے

 پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ نجی بنک ایل سیز کے حوالے سے سٹیٹ بنک اورحکومتی اعلانات کو کسی خاطر میں نہیں لارہے۔درآمدکی گئی ساری مصنوعات عوام اور صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہیں اور ان پر برآمدات کا بھی انحصار ہے ،5ہزار ڈالر سے زائد مالیت کی ایل سیز کیلئے بھی بنکوں کو ہدایات دی جائیں ،درآمدی بلوں کی ادائیگی کیلئے اوپن مارکیٹ سے ڈالر ز لینے کی پالیسی بنائی جائے ۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایش کے سینئر وائس چیئرمین رانا طارق محمود نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین محمد جمیل احمد،اظہار الحق قمر،محمد الیاس چودھری ،ممبران ایگزیکٹو فرحان سلیم ،سیف اللہ خان،محمد ارشد،اسد اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

 انہوںنے کہا کہ فریٹ فارورڈرز کے شعبے سے وابستہ لاکھوں لوگ پہلے کورونا وباء میں شدید متاثر ہوئے جبکہ موجودہ دور میں ڈالرز کی قلت کے باعث اسی طرح کی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 ہمارا حکومت کو سالانہ اربوں روپے کے ٹیکسز ادا کرتا ہے لیکن ہمارے کسی مطالبے کی شنوائی نہیں ہو رہی ۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ز کہاں سمگل ہو رہے ہیں اس لیکج کو روکا جائے ، صنعتوں کے  خام مال کی سپلائی چین ایک بارمتاثر ہو گئی تو اسے معمول پر آنے میں کئی ماہ لگ جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ایک طرف حکومت اور سٹیٹ بنک ایل سیز کھولنے کا اعلان کر رہے ہیں دوسری طرف نجی بنک ان کے کسی اعلان کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ حکومت کو سب سے پہلے ضروری درآمدات کی ادائیگیوں کیلئے ڈالر زکا انتظام کرنا چاہیے اور بد قسمتی سے اس کیلئے ابھی تک کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آ سکی۔جو حالات پیدا ہوئے ہیں اس کے اثرات برآمدات اورٹیکسز محصولات کی کمی کی صورت میں بھی سامنے آنے والے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں