یو نائیٹڈ بزنس گروپ نے پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کر دیا

یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کر تے ہوئے اسے کاروباری طبقے اور ملک کے عوام کیلئے  اسے موجودہ صورتحال میں ایک بھیانک خواب کے مترادف قرار دے دیا ہے۔یو بی جی کے صدر زبیرطفیل،چیئرمین سندھ ریجن خالدتواب،سیکریٹری جنرل سندھ ریجن حنیف گوہر،مرکزی ترجمان گلزارفیروز،سابق سینئرنائب صدر مظہرعلی ناصر،اختیار بیگ،سابق نائب صدرطارق حلیم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو جائے گا جس سے انڈسٹری بند ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافہ  کے بعد مہنگائی کی نئی لہر سے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ ذہنی عذاب میں مبتلا ہوجائیں گے۔یو بی جی رہنمائوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں کو آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی پلاننگ کرنی چاہیئے اور ایسی پالیسیاں لائی جائیں جس سے پاکستان کو قرضوں سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہو جائے گا ،پہلے ہی صنعتیں بمشکل پیداواری عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، بے روزگاری بلند سطح پر پہنچ گئی ہے ، تنخواہ دار طبقہ شدید ترین مشکلات سے دوچار ہے،ایل پی جی قیمتیں حکومت کے کنٹرول سے باہر ہیں اور منافع خور مافیا ملک بھر میں سرگرم ہوچکا ہے،مہنگائی کی شرح میں مزید 25 سے30فیصد اضافے کا خدشہ ہے،پیاز،گندم، آٹا ، دالیں، کوکنگ آئل سمیت دیگر غذائی اشیاء کے دام بڑھ گئے ہیں اورپاکستان میں معاشی بحران حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معیشت اور اس کے تسلسل کیلئے قومی پالیسی مرتب کی جائے،سیاسی محاذ آرائی ختم کرکے ملک کے وسیع ترمفاد میں تمام سیاسی جماعتیں ایک میز پر بیٹھیں، آئی ایم ایف سے ہونے والی بات چیت پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے اور حکومت عام لوگوں پر بوجھ ڈالنے کی بجائے اپنے غیر پیداواری اخراجات میں کمی لا کر اس اضافے کو برداشست کرے۔  

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں