سیاسی بحران اور روس یوکرین جنگ سے قومی اقتصادی ترقی متاثر، ایندھن و خوراک کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، تاجر رہنما مہر کاشف یونس

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ سیاسی بحران اور روس یوکرین جنگ کی وجہ سے قومی اقتصادی ترقی متاثر، مہنگائی اور ایندھن و خوراک کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ اتوار کو یہاں الحاج اشتیاق احمد کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ2022 میں پیدا ہونے والے تنازعات نے شدید معاشی چیلنجز پیدا کیے جن کی وجہ سے خوراک، گیس اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور سیاسی استحکام کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور غیر مستحکم سیاسی ماحول سے پیدا شدہ غیر یقینی صورتحال سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو متاثر کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی بحران نے پاکستان کی معیشت پر اثر ڈالا جس کے نتیجے میں معاشی ترقی متاثر متاثر ہوئی۔

مہر کاشف یونس( جو تھنک ٹینک گولڈ رنگ اکنامک فورم کے نائب صدر بھی ہیں)نے کہا کہ روس اور یوکرین کی جنگ سے غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں عالمی اجناس مارکیٹ اور مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھائو آ رہا ہے، اس تنازعے اور روس پر عائد پابندیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر خوراک، ایندھن اور کھاد کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات پر پابندیوں اور عالمی تجارت اور بین الاقوامی سپلائی چینز میں رکاوٹوں نے بھی قیمتوں میں اضافے میں بڑا کردار ادا کیا ہے جس کے اثرات پاکستان جیسے ممالک کی اقتصادیات اور غذائی تحفظ پر مرتب ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں