ایل سیز پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، کاٹی

فیصلے سے انڈسٹری کا پہیہ چلے گا، زرمبادلہ اور معاشی بحران ختم ہوگا، صدر فراز الرحمان

 کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری (کاٹی)کے صدر فراز الرحمان نے حکومت اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایل سیز پر عائد پابندی اٹھانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کا دیرینہ مطالبہ منظور کرلیا ، پابندی سے ضروری خام مال کی قلت پیدا ہوگئی تھی جس سے ایکسپورٹ کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک میں جاری بحران کا خاتمہ ہوا ہے اور جلد پورٹ پر پھنسا خام مال بھی کلیئر ہوجائے گا جس سے امکان ہے کہ ایکسپورٹ بھی بڑھے گی۔ صدر کاٹی کے مطابق ایل سیز میں No Remittance Involvedکی شق پر عملدرآمدسے زرمبادلہ کے ذخائر پر بھی فرق نہیں پڑے گا تاہم اگر حکومت اسٹیٹ بینک سے پیشگی اجازت کی شرط نرم کردے تو انڈسٹری کی مشکلات میں مزید کمی ہوگی جس سے ملک میں زرمبادلہ کی آمد کا سلسلہ بھی بڑھے گا۔

صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اس فیصلے سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بچ گیا ہے۔ امید ہے کہ انڈسٹری جلد اپنے پیروں پر کھڑی ہوکر معاشی طور پر مستحکم ہوگی۔انہوںنے کہاکہ اب ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی افواہیں دم توڑ دیں گی۔ فراز الرحمان نے مزید کہا کہ حکومت صنعتکاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشی پالیسی مرتب کرے تاکہ قیمتی زرمبادلہ کا استعمال ترقیاتی کاموں میں یقینی بنایا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں